9انسانی جانیں تلف،16افراد زخمی ،سبھی زخمی قریبی اسپتالوںمیں زیرعلاج ،کچھ ایک کی حالت نازک
سری نگر//جموں و کشمیر کے پہاڑی اضلاع ڈوڈہ اور رام بن میں منگل کو 3 الگ الگ واقعات میں3گاڑیاں سڑک سے پھسل کر گہری کھائیوں میں گرنے سے8 افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہو گئے۔جبکہ شمالی کشمیر کے سنگھ پورہ پٹن علاقہ میں منگل کی صبح سری نگربارہمولہ شاہراہ ایک 75سالہ راہگیرسڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا۔جے کے این ایس کے مطابق بھدرواہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونود شرما نے بتایا کہ ڈوڈہ میں بھدرواہ،پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر چٹرگلہ ٹاپ کے قریب پہلے حادثے میں،5 افراد کی موت اس وقت ہوئی جب وہ ایک گاڑی زیر نمبرJK06-5071 میں سفر کر رہے تھے کہ وہ سڑک سے پھسل کر250 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دیگر 11مسافروں کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ گلڈنڈہ کے میدان میں پیش آیا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافر گاڑی کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے سے بھدرواہ جا رہی تھی۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے کہاکہ حادثہ کے حوالے سے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ایک اور سڑک حادثے میں، ایک شہری جاوید احمد کی موت واقعہ ہو گئی اور4 دیگر زخمی ہوئے جب اُن کی گاڑی ڈوڈہ ضلع کے بھلہ علاقے میں گہری کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔اس دوران رامسو رام بن کے رہنے والے2افراد محمد افضل ولد گل محمد ملک اور محمد عظمت ولد عبدالرشید ملک ، اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی کار سڑک سے پھسل کر جموں سری نگر نیشنل ہائی وے پر رامپاری کے قریب200 میٹر سے زیادہ گہری کھائی میں گر گئی۔ حکام نے بتایا کہ ایک اور شخص شبیر احمد ملک اس حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے اور اسے ریسکیو ٹیم نے ہسپتال بھیج دیا ہے۔اس دوران شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سنگھ پورہ پٹن علاقے میں منگل کی صبح قومی شاہراہ پر ایک حادثے میں ایک 75 سالہ راہگیر ہلاک ہوگیا۔ژانہ بل سنگھ پورہ پٹن کے قریب سری نگربارہمولہ قومی شاہراہ پر 75 سالہ سالہ علی محمد ڈار ولدعبدالرحمان ساکنہ ژانہ بل پٹن کوایک مال بردار آٹو نے ٹکر ماردی ،جسکے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔پٹن پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے، مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔










