سری نگر//ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی سری نگر کے ایک وفد نے آج راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔وفد کے اَرکان بشمول گرمیت سنگھ بالی ، جسپال سنگھ ، رنجیت سنگھ ، جسبیر سنگھ وزیر اور جسبیر سنگھ اوبرائے نے لیفٹیننٹ گورنر کوضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی طرف سے گوردوارہ چھٹی پاد شاہی میں سری گوروہر گو بند صاحب جی کے پرکاش پورب کو منانے کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے سکھ کمیونٹی کے اَرکان کے مختلف دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع اور سکھ ورثے کے تحفظ شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کوہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا ۔ اُنہوں نے وفد سے کہا کہ وہ مشن یوتھ اور حکومت کی دیگر سکیموں کے تحت خود روزگار کے اَقدامات سے فائدہ اُٹھانے کے لئے نوجوان پود کی حوصلہ اَفزائی کریں۔اُنہوں نے کہا،’’ حکومت نوجوانوں میں اَنٹرپرائز کے جذبے کو آسان بنانے کے لئے پُر عزم ہے اور ہم نے نوجوان پود کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ ، مالی مدد وغیرہ کے معاون بنیادی ڈھانچہ بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔‘‘










