اسپیشل اولمپکس گیمز میں پاکستان نے دو گولڈ میڈل جیت لیے

پاکستان نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے دوران پاور لفٹنگ اور ایتھلیٹکس میں 2 گولڈ میڈل اپنے نام کرلیے۔پاکستان کے محمد لقمان نے اسپیشل ورلڈ گیمز ایتھلیٹکس کی 100میٹر ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔محمد لقمان نے 100 میٹر ریس کا فاصلہ 15.21 سیکنڈ میں مکمل کیا جبکہ انہوں نے لانگ جمپ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔پاکستان کے میر واعظ نے 3 ہزار میٹر ریس میں سلور میڈل جیتا لیا اور انہوں نے یہ فاصلہ 10 منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کیا، اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان اب تک مجموعی طور پر 9گولڈ میڈلز جیت چکا ہے۔پاور لفٹنگ میں پاکستان کے ایتھلیٹ حبیب اللہ نے 83کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈیڈ لفٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور اس کے علاوہ اسکواٹ،بینچ پریس اور کمبائنڈ ویٹ میں بھی سلور میڈلز اپنے نام کیے۔فیلڈ ہاکی کے مکس ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پیراگوئے کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کرلیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پہلی بار شرکت کی ہے۔اسی طرح سوئمنگ کی 50 میٹر فری اسٹائل میں پاکستان کے حسن پٹیل نے 1 منٹ اور 03.93 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کرکے برونز میڈل جیت لیا ۔