amit shah

42000ہلاکتوں کیلئے گاندھی، عبداللہ، مفتی خاندان ذمہ دار

’’ایک ودھان، ایک نشان اور ایک پردھان‘‘،وزیراعظم نریندر مودی جی نے کیاڈاکٹر شیا ماپرساد مکھرجی کا مشن اور ویژن مکمل

’راہل بابا اور مودی جی‘‘ کا کوئی موازنہ نہیں ،2024 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی 300 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی:امت شاہ

’جموں//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گاندھی، عبداللہ اور مفتی خاندانوں پر تنقید کے سخت تیر برساتے ہوئے جمعہ کو تینوں خاندانوں پر الزام لگایا کہ وہ 1947 سے 2014 تک جموں و کشمیر میں 42000 لوگوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کامیابG20 ایک شاندار کامیابی ہے اور تمام شرکاء پیغام کا پیغام لیکر اپنے اپنے ممالک کو واپس چلے گئے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق شدید گرمی کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر ریلی گراؤنڈ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وہ دن گئے، جب یہ تین خاندان جموں و کشمیر پر حکومت کریں گے اوراس کو برباد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ1947سے2014 تک، جموں و کشمیر میں 42000 لوگ مارے گئے، اور اس عرصے میں تین خاندان – گاندھی، عبداللہ اور مفتی حکومت کر رہے تھے ۔بی جے پی کے نظریہ ساز، ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، امت شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کو 1953 میں بغیر اجازت جموں و کشمیر میں داخل ہونے پر غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔انہوںنے سالیہ اندازمیں کہاکہ اپنے ملک میں داخل ہونے کیلئے اجازت نامہ کی ضرورت کیوں ہے؟ ڈاکٹر مکھرجی کو جیل میں ڈال دیا گیا اور بعد میں قتل کر دیا گیا۔امت شاہ نے مزید کہا کہ آج ڈاکٹر مکھرجی کی روح سکون سے رہے گی کیونکہ ایک ودھان، ایک نشان اور ایک پردھان کا ان کا مشن اور ویژن پورا ہوا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھر جی پہلے شخص تھے جنہوں نے ہندوستانی آئین میں دفعہ370 کو شامل کرنے کی مخالفت اس بہانے کی کہ ’’ایک قوم کے پاس2 جھنڈے، 2 آئین اور دو سر براہان نہیں ہو سکتے‘‘۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ 5 اگست2019 کو، وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بڑا قدم اٹھایا اور آرٹیکل 370 کو ہمیشہ کے لیے ہٹا دیا اور ڈاکٹر مکھر جی کے ویڑن کو پورا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغربی بنگال آج ہندوستان کے ساتھ ہے تو یہ ڈاکٹر مکھرجیکے ویژن کی وجہ سے تھا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان وزیراعظم مودی کی حکومت کے9 سال کا جشن منا رہا ہے۔ مودی جی کی حکمرانی کھلی کتاب ہے۔ یہ یو پی اے کی طرح نہیں ہے جس نے 12 لاکھ کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا۔امت شاہ نے کہاکہ مودی جی کے9 سالہ دور حکومت میں ایک بھی بدعنوانی کا الزام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور آج شہر میں کروڑوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے دہشت گردی پر شکنجہ کسا اور آج دہشت گردی بستر مرگ پر ہے جبکہ یو پی اے کے10 سالہ دور حکومت میں دہشت گردی کے60ہزار327 واقعات ہوئے۔انہوںنے کہاکہ مودی جی کے9 سالہ دور حکومت میں دہشت گردی اپنی کم ترین سطح کو چھو گئی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کاکہناتھاکہ آرٹیکل370 کی منسوخی کے بعد 47 مہینوں میں، ہڑتالوں کی صرف 32 کالیں آئیں جبکہ پتھراؤ میں90 فیصد کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے پتھروں کی جگہ لیپ ٹاپ اور کتابیں لے لی ہیں۔امت شاہ نے کہا کہ2022 میں پہلی بار 1.88کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کے لئے جموں کے لوگوں سے مودی کے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ ’’راہل بابا اور مودی جی‘‘ کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہم 2024 کے انتخابات میں 300 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سال 22 مئی سے25 مئی کو سری نگر میں کامیابG20 سربراہی اجلاس ایک شاندار کامیابی تھا,awrہر غیر ملکی معززین آرٹیکل370 کی منسوخی کے بعد امن اور کشمیر کو تبدیل کرنے کا پیغام لے کر اپنے اپنے ممالک کو واپس گیا ہے. انہوں نے سری نگر میں G20 اجلاس کے ہموار انعقاد کا سہرا ایل جی منوج سنہا کو دیا۔مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں کے تروپتی منڈی میں سجدہ شکر ادا کرنے کے بعد بعد دوپہر جموں سے سری نگر روانہ ہوئے ،اوریہاں موصوف کئی ترقیاتی اسکیموںکا سنگ بنیاد رکھیں گے ،اور کئی اسکیموں کاافتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے جبکہ ازخود سالانہ امرناتھ یاتراکی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے امت شاہ امرناتھ گھپا بھی درشن کیلئے جائیں گے۔