مژھل سیکٹر کے کالا جنگل میں4ملی ٹنٹ ہلاک

نعشیں اور اسلحہ وگولی بارود برآمد ،مہلوکین کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کی تحقیقات شروع:پولیس

سری نگر//پولیس اورفوج نے جمعہ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں مژھل سیکٹر کے کالا جنگل میں4 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ چوکنا سیکورٹی اہلکاروںنے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی بڑی کوشش کوناکام بنادیا۔خیال رہے یہ گزشتہ 8دنوںمیں شمالی کشمیرمیں لائن آف کنٹرول کے نزدیک دوسری بڑی ملی ٹنسی ودراندازی مخالف کارروائی ہے ،کیونکہ16جون کو جماگنڈ علاقے میں5غیر ملکی ملی ٹنٹ مارے گئے تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل کے ذریعے معلومات دیتے ہوئے، کشمیر زون پولیس نے لکھاکہ ایک مشترکہ آپریشن میں، فوج اور پولیس نے کپواڑہ کے مژھل سیکٹر کے کالا جنگل میں4ملی ٹنٹوںکو ہلاک کردیا ہے جو پاکستانی زیر قبضہ کشمیر سے ہماری طرف دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔اس دوران فوج کے چنارکورنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستانی فوج اورجموں وکشمیرپولیس کی طرف سے شروع کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں، جمعہ کو مژھل سیکٹر، کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ چوکس دستوں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔فوج کے مطابق 4 دہشت گردوں کا خاتمہ کیاگیا اور جنگی سامان کی دکانیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ آپریشن جاری ہے۔پولیس اور فوج کے ذرائع نے بتایاکہ مژھل سیکٹر کے کالاجنگل میں مارے گئے چار ملی ٹنٹوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں چھان بین جاری ہے ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ16 جون کو کپواڑہ میں ایل او سی کے قریب جماگنڈ علاقے میں پانچ غیر ملکی جنگجو مارے گئے تھے۔