پلوامہ//ممبر قومی اقلیتی کمیشن سیّد شہزادی نے ڈی سی آفس کمپلیکس پلوامہ میں وزیرا عظم کے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی اقلیتی بہبودی سکیموں کے 15 نکاتی پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر سیّد شہزادی کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے وزیرا عظم کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل در آمد کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ آفشیٹنگ چیئرپرسن نے مختلف محکموں سے متعلق اقلیتی بہبودی سکیموں کا سیکٹر وار جائزہ لیا اور تمام سیکٹورل اَفسران سے رائے طلب کی۔اِس موقعہ پر سیّد شہزادی نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 15نکاتی پروگرام اقلیتوں کی زندگی کو بلند کرنے کی ایک کوشش ہے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ چھ مرکزی نوٹیفائیڈ اقلیتی کمیونٹیوں کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کومختلف سرکاری فلاحی سکیموں سے اِستفادہ کرنے کے مساوی مواقع میسر ہوں اور ملک کی مجموعی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے ان میں اَپنا حصہ اَدا کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی بہبود کے لئے وزیر اعظم کے نئے 15 نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کے لئے پُر عزم ہے اور کہا کہ اس سلسلے میں فعال اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اِس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اُنہوں نے اقلیتوں کو ہرقسم کی مدد فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹرانسپورٹ ، صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی ترقیاتی سکیموں پر توجہ دی جانی چاہیے تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی سکیموں میں ان کے لئے مناسب حصہ داری کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بشارت قیوم ، پولیس سپر اِنٹنڈنٹوں ، پلوامہ و آوانی پورہ ، اے ڈی ڈی سی پلوامہ ، پلوامہ ، اونتی پورہ اور ترال کے اے ڈی سی ، پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس پلوامہ اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔










