سری نگر//اِنتظامی کونسل نے معیاری ہیلتھ کیئر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ایک اہم فیصلے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاکی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ریشی پورہ بڈگام میں 125 بستروں والے ہسپتال کی تعمیر کے لئے اَراضی کی منتقلی کو منظور ی دی ۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔اِنتظامی کونسل نے ریشی پورہ بڈگام میں واقع 71 کنال اَراضی محکمہ صحت و طبی تعلیم کے حق میں 125 بستروں والے ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیر کے لئے منتقل کرنے کی منظور ی دی۔آنے والے ہسپتال علاقے میں عوام کے لئے صحت خدمات کو بڑھانے اور ہنر مند و طبی پریکٹیشنرز کو مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔










