لیفٹیننٹ گورنر نے عید الاضحی کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے عید الاضحی کی تقریب سے قبل ضلعی اِنتظامیہ اور مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، سینئر سپر اِنٹنڈنٹس آف پولیس او رسینئر اَفسروں نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے عید الاضحی کے پیش نظر ضروری اشیاء اور خدمات کی فراہمی ، سیکورٹی اور ٹریفک کے اِنتظامات میں اِضافہ کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیز او رمتعلقہ محکموں کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تقریب کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو بازار کا معائینہ ، نگرانی اور ضروری اشیاء کے نوٹیفائیڈ نرخوں پر عمل درآمد کے لئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات اور اس کے آس پاس صفائی ستھرائی ، ڈاکٹر وں کی دستیابی ، طبی سہولیات ، فائر اینڈ ایمرجنسی خدمات کو یقینی بنایا جائے۔