سرینگر//کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت وکرم جیت سنگھ نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائیزیشن ( جے کے ٹی پی او ) کے 12 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں تجارتی میلوں /نمائشوں /خریدار فروخت کنندگان کی میٹنگوں ، سرمایہ کاری کو فروغ دینے ، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور جموں و کشمیر کے برانڈ کی تعمیر پر بھر پور زور دیا گیا ۔ جے کے ٹی پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد جہانگیر نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اور بورڈ کو بورڈ کے سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ بورڈ کے اراکین نے ایجنڈے کے مختلف آئٹمز پر غور کیا اور مالی سال 2023-24 کیلئے جے کے ٹی پی او کے جزووار سرگرمی کے منصوبے کی منظوری دی ۔ میٹنگ کے دوران کمشنر سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کاری کی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے اس اہم کردار پر روشنی ڈالی جو جے کے ٹی پی او جموں و کشمیر میں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کی سرگرمیوں کو انجام دینے میں ادا کرے گا ۔ تنظیم کا مقصد اسے مختلف آؤٹ ریچ پروگراموں اور سیکٹر سے متعلق پروگراموں کے ذریعے حاصل کرنا ہے جس کا مقصد جے اینڈ کے کو سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ منزل کے طور پر برانڈ کرنا ہے ۔ بورڈ نے آئی ٹی پی او کے تعاون سے جے کے ٹی پی او کے ذریعہ سرینگر میں میگا تجارتی میلے کے انعقاد کو بھی منظوری دی ۔ اس میگا تجارتی میلے میں ملک اور دنیا کے مختلف حصوں سے معروف خریداروں اور نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے ۔ یہ جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہو گا جس کا مقصد سالانہ فیچر بنایا جانا ہے ۔ مزید براں بورڈ نے جے کے ٹی پی او کے فلیگ شپ پروگرام’’ حوصلہ بیچ 2nd ‘‘ کو منظوری دی جو خواتین کاروباریوں کی سرپرستی اور تربیت کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ مذکورہ بالا فیصلوں کے علاوہ بورڈ نے جموں و کشمیر سے آنے والی مصنوعات کیلئے اسٹارٹ اپ پروموشن سرگرمیوں اور برانڈ پروموشن کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ جے کے ٹی پی او کی 12 ویں بورڈ میٹنگ کے دوران کئے گئے فیصلے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے حکومت جموں و کشمیر کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ بورڈ کے ڈائریکٹروں میں ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر محمود احمد شاہ ، اسپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت تیج کرشن بھٹ ، ڈائریکٹر دستکاری اور ہینڈ لوم جموں وکاس گپتا اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ راکیش کمار نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ سیکرٹری صنعت و تجارت ، سیکرٹری برائے دیہی ترقی اور پنچائتی راج ، ڈائریکٹر فائنانس ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، اسپیشل سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ایف اے /سی اے او جے کے ٹی پی او ، ڈائریکٹر پلاننگ انڈسٹریز اینڈ کامرس ، اور دیگر متعلقین نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔










