result

جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا

سری نگر//جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے یکساں تعلیمی کیلنڈر 2022-23ء کی ٹائم لائنز کا اَحترام کرتے ہوئے دسویں جماعت کے سالانہ ریگو لر 2023ء کے نتائج کا اعلان کیا ہے جس میں جموںوکشمیر یوٹی اور لداخ یوٹی کے 80فیصد طلباء کو کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔ جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیز میں جماعت دسویں سیشن کے سالانہ ریگولر 2023ء کے لئے کُل 1,48,701 طلباء کا اِندراج کیا گیا تھا جن میں سے 1,18,781 طلباء نے اِمتحان پاس کیا ہے ۔ یہ اِمتحان 1,615 مراکز پر منعقد کیاگیا تھا جو سافٹ اور ہارڈ زون کے دونوں یوٹیز میں شناخت کئے گئے تھے۔نتائج میں13,823 طلباء نے اے 1گریڈ کے ساتھ اِمتحان میں کوالیفائی کیا، 18,489 طلباء اے 2 گریڈ ، 24,147 طلباء بی 1 گریڈ ، 28,880 طلباء بی 2گریڈ ، 26,248 طلباء سی 1گریڈ ، 7,133 سی 2گریڈ جبکہ 78 طلباء کو ڈی گریڈ میں رکھا گیا ہے۔چیئر پرسن جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن پروفیسر ( ڈاکٹر ) پرکشت سنگھ منہاس نے دسویں جماعت کے سالانہ ریگولر 2023ء کے اِمتحان کے پورے اِمتحانی عمل پر اَپنے اَطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے یکسان تعلیمی کیلنڈر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بہترین رہنمائی او رتعاون کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، سیکرٹری ایجوکیشن آلوک کمار کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں کو بھی مُبارک باد دی اور پوری صوبائی اور ضلعی سطح کی اِنتظامی مشینری ، اِنڈیا پوسٹس ، جے کے بی او ایس اِی کے اَفسران اور ملازمین کی پوری ٹیم ، اَساتذہ جنہوں نے اِمتحان کے خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کے لئے انتھک اِشتراک کیا اور تشخیص میں تعاون اور سبھی کا شکریہ اَدا کیا۔ دوسرے لوگ جنہوں نے حکومت کے اس ویژن کی کامیابی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ تعاون کیا ہے جس میں دونوں یوٹیز کے تمام طلباء کو ایک ہی تعلیمی سیشن میں اِکٹھا کیا گیا اور ان کا نتیجہ کامیابی کے ساتھ اعلان کیا گیا۔چیئر پرسن جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے کہا،’’ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ دسویں جماعت کا نتیجہ بہت خوش کن رہا ہے ۔ طلباء اور ان کے والدین جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیز میں بکھرے ہوئے تعلیمی سیشنوں کو یکجا کر نے کے مقصد کو حاصل کرنے میں دِل کی گہرائیوں سے قبولیت اور تعاون کے لئے زبردست تعریف کے مستحق ہیں۔وہ طلباء جو اس بار ناکام ہوئے اُنہیں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے اور نئے جوش کے ساتھ دوبارہ کوشش کرنی چاہیے۔‘‘جے کے بی او ایس اِی نے نتائج کے گزٹ تک طلباء کی رَسائی کو آسان بنانے کے لئے مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے مناسب اِنتظامات کئے ہیں۔ پہلی بار ان کا نتیجہ ڈیجی لاکر سروس پر دستیاب ہوگا۔ اِس کے لئے طلباء کو ڈیجی لاکر ایپ ڈائون لوڈ کرنا ہوگی اور مطلوبہ تفصیلات بھرنے کے بعد اسے رجسٹرکرنا ہوگا۔ نتیجہ جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی آفیشل ویب سائٹ www.jkbose.nic.in اور Indiaresults پر آن لائن دستیاب ہے۔