وجوہات اورلازمی اقدامات کا پتہ لگانے کیلئے ایک مرکزی ٹیم جموں آئیگی:مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری
سری نگر//سری نگرکے مقابلے میں جموں شہر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کی عمل آوری میں سست روی کے بعدوجوہات اورلازمی اقدامات کا پتہ لگانے کیلئے ایک مرکزی ٹیم سرمائی راجدھانی کا دورہ کررہی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روزالزام لگایا کہ جموں میں کچھ لوگ اسمارٹ سٹی کے کاموں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں جبکہ مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ اور شہری امور ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ان کی وزارت کمی یاسست روی کی وجوہات اور ضروری اقدامات کا پتہ لگانے کیلئے ایک ٹیم مرکز کے زیر انتظام علاقے بھیجے گی۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ ا سمارٹ سٹی پروجیکٹ کو رفتار دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔جمعہ کے روزجموں میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام پلاسٹک کے تھیلوں کے متبادل کے اجراء کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہا کہ7 کروڑ روپے مزید ملنے کے باوجود جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے کام اس حد تک نہیں ہو سکے ہیں جس کی توقع تھی۔انہوںنے کہاکہ سری نگر شہر سے موازنہ کریں تو جموںمیں کام توقع کے مطابق نہیں ہوسکے ہیں۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ کچھ لوگوں کو عدالت سے’ اسٹے‘ مل گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے سوالیہ اندازمیں کہاکہ رکاوٹیں کھڑی ہوں گی تو ترقی کیسے ہوگی؟۔انہوںنے کہاکہ جموں شہر کی ترقی کے لئے ہمیں اس ذہنیت سے باہر آنا ہوگا اور اس مسئلے پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔منوج سنہا کامزید کہناتھاکہ اگر لوگ آگے نہیں آئیں گے اور تعاون نہیں کریں گے تو حکومت مطلوبہ ترقیاتی کام نہیں کر پائے گی۔ انہوں نے جموں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کو کامیاب بنائیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہاکہ انتظامی سطح پر، ہم ایسے لوگوں کو قائل کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن عوام کو بھی آگے آنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایسی رکاوٹیں پیدا نہ ہوں۔جموں میونسپل کارپوریشن کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ اور شہری امور ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ان کی وزارت کمی یاسست روی کی وجوہات اور ضروری اقدامات کا پتہ لگانے کیلئے ایک ٹیم مرکز کے زیر انتظام علاقے بھیجے گی۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ ا سمارٹ سٹی پروجیکٹ کو رفتار دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔










