کٹھوعہ //سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج ) ، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کٹھوعہ کے بلاور میں دور دراز بلاک منڈلی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا اور ایمبولینس میں مفت ٹیلی میڈیسن سروس ’ ڈاکٹر آن وہیل‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے بتایا کہ یہ پہل وزیر اعظم نریندر مودی کے ڈیجٹل ہیلتھ مشن سے متاثر ہے جو دیہی آبادی کو ان کی دہلیز پر ماہر طبی مشاورت فراہم کرے گا ۔ مناسب طور پر سہارا ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی اور جے اینڈ کے کے پہلے ڈیجٹل ہیلتھ سروس فراہم کرنے والے او ہیلتھ کے ساتھ مل کر بی پی سی ایل کی موجودگی میں بلاور میں مرکزی وزیر مملکت کے ذریعے ’ ڈاکٹر آن وہیلز ‘ کا آغاز کیا گیا ۔ یہ پہلی صحت کی دیکھ بھال کی خدمت ہے جو کٹھوعہ ضلع میں بلاور ۔ بسوہلی ۔ بنی علاقے میں ڈیجٹل موڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی ۔ ایمبو لینس جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور مریضوں کو حیدر آباد ، بنگلورو ، سورت اور احمد آباد کے سینئر ڈاکٹروں سے جوڑ سکتی ہے ۔ ٹیلی میڈیسن اور ڈیجٹل ہیلتھ کا استعمال کرتے ہوئے ’ ڈاکٹر آن وہیلز ‘ سب کیلئے قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کے قابل بناتا ہے ۔ صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کے مستقبل کیلئے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ آنے والے دنوں میں روبوٹک سرجری کی فراہمی کو بھی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے حصے کے طور پر شامل کیا جائے گا ۔ ’ ڈاکٹر آن وہیلز ‘ سروس دیہی آبادی کیلئے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جو حکومت کے سب کیلئے ڈیجٹل اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کے وژن کے مطابق ہے ۔










