گاندربل//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گاندربل ضلع کے ناراناگ علاقے کا دورہ کیا۔اُنہوں نے علاقے کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینے ،پی آر آئی نمائندوں اور مقامی لوگوں سے اِستفساری گفتگو کرکے ان کے مسائل اور خدشات کا جائزہ لیا۔یہ دورہ جموںوکشمیر یوٹی انتظامیہ کے عام لوگوں کی دہلیز پر اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کے عزم کا حصہ ہے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اِس علاقے میں معیاری تعلیم اور صحت سہولیات ، موبائل کنکٹویٹی ، ماحولیاتی اور سیاحت کو فروغ دینے جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔مقامی باشندوں نے علاقے کی مجموعی ترقی اور بہبود کو مزید بہتر بنانے کے لئے اَپنے چیلنجوں،خواہشات اور تجاویز کا اِشتراک کیا۔مشیر موصوف نے پی آر آئی کے نمائندوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ لیفٹیننٹ گورنرکی قیادت والی اِنتظامیہ سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے۔ اِنتظامیہ نے گذشتہ تین برسوں سے مختلف پروگراموں جیسے بیک ٹو ولیج، بلاک دیوس اور دیگرسرگرمیوں سے عام لوگوں کے دہلیز تک پہنچایا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ کوششوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔اُنہوں نے پی آر آئی اراکین اور مقامی لوگوں کو یقین دِلایا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے اور اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ ان کی آواز سنی جائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے نچلی سطح پر شمولیت کو ترجیح دینے اور جموںوکشمیر میں ایک جامع اور شفاف طرزِ حکمرانی کا نظام بنانے کا عہد کیا ہے۔پی آر آئی اراکین اور مقامی لوگو ں نے بات چیت کے دوران اَپنے علاقے کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق مختلف مسائل اور خدشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے مسائل اورشکایات کا فوری ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے پی آرآئی ممبران کے ساتھ اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے اِس بات پر روشنی ڈالی کی موجودہ حکومت نے پنچایت راج اِداروں کو بااختیار بنایا ہے اور ان کے خیالات اور تجاویز حکومت کے بنیادی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہیں۔اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ تمام مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے گا۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گورنمنٹ پرائمری سکول اور گورنمنٹ مڈل سکول کے بنیادی ڈھانچے کا بھی معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ ان سکولوں کے احاطے میں تمام بنیادی سہولیات کو فعال رکھا جائے۔مشیر موصوف نے علاقے میں قائم کی جارہی زیر تعمیر صحت سہولیات کا بھی معائینہ کیا ۔اُنہوں نے متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ اِس عمارت پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اسے جلد از جلد عوامی اِستعمال کے لئے وقف کیا جاسکے۔










