120 بستروں والے سپیشلائزڈبون اینڈ جوائنٹس ہسپتال کے کام کا معائینہ کیا
سری نگر//چیف ایگزیکٹیو آفیسر جموں وکشمیر اِکنامک رِی کنسٹرکشن ایجنسی ( اِی آر اے) اور جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی) ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج 120 بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ میں بستروں پر مشتمل سپیشلائزڈ آرتھوپیڈک یونٹ ( ایڈیشنل ہاسپٹل بلاک) کی تعمیر کی پیش رفت کا معائینہ کیا ۔سی اِی او کے ہمراہ ورلڈ بینک کی ٹیم بھی تھی جس کی قیادت ورلڈ بینک کے لیڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سپیشلسٹ دیپک سنگھ کر رہے تھے اور جے کے اِی آر اے ، جے ٹی ایف آر پی ، چیف اِنجینئر ڈیپارٹمنٹ آف روڈ ز اینڈ بلڈنگز( آر اینڈ بی ) کے اَفسرا ن اور دیگر متعلقین بھی شامل تھے۔ سی اِی او نے معائینے کے دوران متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار کو تیزکر کے اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پروجیکٹ کوجلد مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے ورلڈ بینک کے ماہرین کے ساتھ عمارت کی تمام منزلوں کا معائینہ کیا اور متعلقہ ادارے کے باقی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ اِس اہم پروجیکٹ کو عالمی بینک کی طرف سے مالی اعانت سے جے ٹی ایف آر پی کے جزو’’ کریٹیکل اِنفراسٹرکچر‘‘ کے تحت لیا گیا ہے۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے جاری کاموں کا معائینہ کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران اور ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کے معیار کے پیرا میٹروں پر پوری توجہ مرکوز کرتے ہوئے بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ٹیم نے معائینے کے دوران عمارت کی تکنیکی خصوصیات کا بھی تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی اور معیار ی پیرامیٹروں سے منصوبے کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔اِس سے قبل عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ہسپتال کے لئے ضروری طبی اِنفراسٹرکچر کی خریداری کا عمل شروع کرے جو این پی سی سی لمٹیڈ کو دئیے گئے کمپوزِٹ ٹینڈر کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ جے ٹی ایف آر پی جو کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کا حصہ ہے ، کو گذشتہ ایک برس کے دوران عمل درآمد میں ایک بڑا فروغ ملا ہے جسے عالمی بینک ، محکمہ اقتصادی امور اور حکومت جموںوکشمیر کے درمیان مختلف سہ فریقی جائزہ میٹنگو ں میں تسلیم کیا گیا ہے۔










