amarnath yatra

62روزہ سالانہ امرناتھ یاترا 2023کیلئے انتظامات کا بندوبست

پانی کاانتظام ہوگا،1370 صفائی کارکنان اور سپروائزروںکی تعیناتی

سرینگر//جموں و کشمیر میں سالانہ امرناتھ یاترا 2023کیلئے2500 سے زیادہ موبائل بیت الخلاء بنائے جائیں گے، جن میں سے زیادہ تر امرناتھ گھپا کے2راستوں پر ہوں گے۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے کہا کہ یکم جولائی2023 سے شروع ہونے والی 62 دن کی یاترا میں اس سال زیادہ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل1500 اہلکار کٹھوعہ ضلع کے لکھن پور سے مزار تک بیت الخلاء کا انتظام کریں گے۔حکام نے کہاکہ بال تل کے راستے پر940سے زیادہ موبائل بیت الخلاء اور پہلگام کے راستے پر1345موبائل بیت الخلاء بنائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان موبائل بیت الخلائوں کے انتظام کے لئے1370 اہلکار بشمول صفائی کارکنان اور سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ یاتری نواس اور جموں شہر کے دیگر مقامات پر 120 اضافی بیت الخلاء بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لکھن پور، جو جموں و کشمیر کا داخلی راستہ ہے، اس بار بھی زیادہ بیت الخلاء ہوں گے۔حکام نے بتایا کہ موبائل بیت الخلاء کی تنصیب کیلئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کٹھوعہ، سانبہ، جموں، ادھم پور، رام بن، اننت ناگ، سری نگر اور گاندربل اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ موبائل بیت الخلاء کی ضرورت کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔62روزہ امرناتھ یاترا کے دوران پانی کی کمی نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے موبائل بیت الخلاء کی تنصیب کے دوران جل شکتی محکمہ کے انجینئر بھی شامل ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ناساز موسم یا کسی اور ہنگامی صورت حال میں کٹھوعہ ضلع میں 7500 یاتریوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایک ہنگامی منصوبہ بھی تیار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ یاتریوں کو آر ایف آئی ڈی ٹیگز کے آسانی سے جاری کرنے کے لیے، انتظامیہ نے جموں بیس کیمپ میں رش کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔حکام نے کہا کہ بائیو ڈیگریڈیبل اور نان بائیو ڈیگریڈیبل کچرے بشمول پلاسٹک کے کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔