شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فضل الحسیب نے عوامی مسائل کا ان کی دہلیز پر جائزہ لینے کے لئے آج کیلر اورشوپیاں میں ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کی صدارت کی۔ابتداً ، پی آر آئیز اور مقامی لوگوں نے علاقے میں گذشتہ برس کے دوران مکمل کئے گئے ترقیاتی کاموں کو سراہا اور آنے والے برس کے لئے ترقیاتی تقاضوں کو پیش کیا۔اِس موقعہ پر پانی فراہمی ، ٹرانسفارمروں کی اَپ گریڈیشن ، ڈگری کالج کے قیام، ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے ، کھیل میدانوں کی ترقی ، سیاحت کو فروغ دینے ، بیداری کیمپوں کے اِنعقاد ، پُلوں اور سڑکوں کی تعمیر وغیرہ سے متعلق مختلف عوامی مسائل ، مطالبات اور شکایات پیش کی گئیں۔ عوامی نمائندے اور دیہات کے لوگ جن میں کیلر، واٹھو، کٹھوہلان، مست پورہ، مشوارہ، دونارو، ڈومپورہ اور دیگر دیہات شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متوقع شکایات اور مسائل کو بغور سنا اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے بہت سی شکایات کا موقعہ پرہی اَزالہ کیا او رلوگوں کو یقین دِلایا کہ بقیہ شکایات کا ازالہ مقررہ وقت میں کیا جائے گا۔پنڈال میں موجود اَفسران نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف سوالات اور مسائل کے جوابات بھی دئیے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ لوگوں کو عوامی بہبود کے لئے مسائل اور ضروریات کا حساب رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے بات کرتے ہوئے علاقے کی سیاحتی صلاحیت کی تعریف کی اور کہا کہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کی جائیں گی ۔اُنہوں نے جل جیون مشن کے اہم مشن پر بھی بات کی اور تمام واٹر سپلائی سکیموں اور فلٹریشن پلانٹوں کی بروقت تکمیل اور جل جیون مشن کی متعین ٹائم لائن کے مطابق تمام گھرانوں تک ٹیپڈ واٹر کی یونیورسل کوریج کا عہد کیا۔اِس موقعہ پر این اِی اِی ایس ڈبلیو او کی آئی ایس اے ٹیم نے ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں کی موجودگی میں حاضرین کے سامنے فیلڈ ٹیسٹ کٹ ( ایف ٹی کے ) کے اِستعمال کا مظاہرہ کیا ۔پروگرام میں ضلع و سیکٹورل اَفسران ، تحصیل اور بلاک سطح کے اَفسران ، اَفسران ، پی آر آئیز اور تحصیل کے مختلف دیہات کے لوگوں نے شرکت کی۔










