JK’s educational institutions join nationwide campaign on ‘Women Empowerment’-9

راجہ رام موہن رائے کا 250 ویں یوم پیدائش کی یاد میں تقریب کا اِنعقاد

جموں وکشمیر کے تعلیمی اِدارے ’’ خواتین کو بااِختیار بنانے‘‘ کی ملک گیر مہم میں شامل

سری نگر//جدید ہندوستان کے باپو راجہ رام موہن رائے کی 250 ویں یوم پیدائش کی یاد میں آج وادی کشمیر کے مختلف تعلیمی اِداروں کے طلباء کی طرف سے ’’ خواتین کو بااِختیار بنانے ‘‘ کے موضوع پر بیداری ریلیاں نکالی گئیں۔اِن ریلیوں کا اِنعقاد محکمہ لائبریریزاینڈ ریسرچ جموںوکشمیر اور محکمہ سکول ایجوکیشن جموںوکشمیر نے مشترکہ طور پر راجہ رام موہن رائے لائبریری فائونڈیشن اورمرکزی حکومت وزارتِ ثقافت کے زیر اہتمام کیا ہے۔اِن ریلیوں کا اِنعقاد کا بنیادی مقصد معاشرے خصوصاً خواتین کو بااِختیار بنانے ، ان کے حقوق اور خواتین میں خود اعتمادی کے احساس کو فروغ دینا ، ان کی اَپنی پسند کا خود تعین کرنے کی صلاحیت اور اَپنے اور دوسرے کے لئے سماجی تبدیلی پر اثر اَنداز ہونے کے حق کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔سری نگر میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول چھانہ پورہ کی طالبات کی طرف سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ریلی کو پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول چھانہ پورہ سری نگر محترمہ سمینہ وانی نے ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا ۔ ریلی کا اِختتام ڈسٹرکٹ لائبریری سری نگر میں ہوا جہاں ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ کشمیر شیخ ظہور ، آئی / سی ڈسٹرکٹ لائبریرین رفیدہ شاہین اور دیگر عملے کے اَرکان نے اِس کا استقبال کیا۔کمپلیکس ہیڈ چھانہ پورہ کے تقریباً 250 طلبا ء نے ریلی میں حصہ لیا جنہوں نے بینروں ، پوسٹروں اور پلے کارڈوں کو اُٹھا رکھے تھے اور صنفی اِمتیاز کے خاتمے اور خواتین کو بااِختیار بنانے کے نعرے لگا رہے تھے۔پروگرام کی میزبانی جی ایچ ایس ایس چھانہ پورہ کے لیکچرر محترمہ اَنجم سر اور محترمہ نجمو سحر نے کی اور اِفتتاحی خطبہ وائس پرنسپل جی ایچ ایس ایس چھاپورہ طاہر الحامد نے پیش کیا ۔ اِس موقعہ پر کئی اَساتذہ اور طلباء نے بھی خطاب کیا اور خواتین کی ترقی اور اُنہیں بااِختیار بنانے میں راجہ رام موہن رائے کے تعاون پر روشنی ڈالی ۔ اِس موقعہ پر محترمہ رفعت سرور لیکچرر معاشیات نے کشمیر زبان میں اَپنی نظم پیش کی۔پرنسپل جی ایچ ایس ایس چھانہ پوہر ڈاکٹر سمینہ وانی جو اِس موقعہ پر مہمان خصوصی تھیں، نے ایک نظم ’’ مجھے ناز ہے‘‘ پیش کی جس میں لڑکیوں کو خواتین کے طورپر پیدا ہونے اور پرورش پانے پر فخر کرنے کی ترغیب دی گئی۔ لیکچرر کامرس محترمہ شگفتہ بانہالی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ ایک اور ریلی گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول رانی باغ اننت ناگ کی طالبات نے نکالی ۔ ریلی گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول رانی باغ سے شروع ہوئی اور ڈسٹرکٹ لائبریری اننت ناگ میں اِختتام پذیر ہوئی۔اِسی طرح کی ایک اور ریلی ضلع پلوامہ میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول نہامہ کے طلبانے نکالی تھی۔جموںمیں ڈسٹرکٹ لائبریری کٹھوعہ نے خواتین کو بااِختیار بنانے پر طالبات کی ایک میگا بیداری ریلی کا اِنعقاد کیا۔ وائس چیئرمین ڈی ڈی سی کوٹھہ رگھو نندن سنگھ نے اِس ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ناظم کتب خانہ و تحقیق محمد رفیع نے اَپنے اَپنے سکولوں میں پروگرام کے کامیاب اِنعقاد کے لئے حصہ لینے والے تعلیمی اِداروں کے سربراہاں کی سراہنا کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر اے پی سنگھ کا جموں و کشمیر میں لائبریری کی سرگرمیوں بشمول بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توسیع کے لئے ان کی حمایت کے لئے شکریہ ادا کیا۔