پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین ایم چودھری نے عالمی ریڈکراس دِن کے موقعہ پر کرشن چندر پارک پونچھ سے طلباء کی ایک میگا ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔محکمہ تعلیم نے ریڈی کراس سوسائٹی کے اشتراک سے تقریب کا اِنعقاد کیا۔ ریلی کا مقصد عالمی ریڈکراس دِن کی اہمیت کو اُجاگر کرنا اور تنظیم کی اِنسانیت کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں اور شراکت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ریلی میں ضلع کے مختلف سکولوں کے طلباء اور اَساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ طلباء نے پلے کارڈز اُٹھارکھے تھے جن پر خون کے عطیہ اور ریڈکراس سوسائٹی کی خدمات کو فروغ دینے کے پیغامات درج تھے۔اُنہوں نے اِس مقصد کی حمایت میں نعرے بھی لگائے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے خطاب کرتے ہوئے ریلی کے اِنعقاد میں محکمہ تعلیم کی کاوشوں کو سراہا اور طلبا کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ اِس طرح کی تقریبات میں اَپنی شرکت جاری رکھیں۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ بشمبر داس نے اِس دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے عالمی ریڈکراس دِن کی تاریخ اور اہمیت کے بارے میں بتایا اور جانکاری دی کہ اسے پوری دُنیا میں کیسے منایا جاتا ہے۔ریلی پونچھ شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر گرلزہائیر سکینڈری سکول پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس مقصد کی خاطر چندہ اکٹھا کرنے کے لئے طلبہ کی متعدد ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ ملک زادہ شیراز الحق نے بھی دینا ناتھ گرلزہائیر سکینڈری سکول پونچھ میں عالمی ریڈ کراس دِن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد میں ، پرنسپل ڈی این آر ایم گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول شیش محل پونچھ اَنجمن شاہین نے سکول اور ضلع اِنتظامیہ پونچھ کی جانب سے تمام طلباء ایسکارٹ اساتذہ کا شکریہ اَدا کیا۔










