دسمبر2022کو جہلم میں چھلانگ لگانے والی نوعمر دوشیزہ

تقریباً5 ماہ بعدبونیار میں جہلم سے برآمد

سوپور//شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں گزشتہ سال 12 دسمبر کو دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے والی 17 سالہ لڑکی کی لاش کو تقریباً5 ماہ بعدبونیار اوڑی کے نزدیک جہلم سے برآمد کیاگیا۔حکام نے منگل کو بتایاکہ سوپورکی نوعمر لڑکی نے گزشتہ سال 12 دسمبر کو سوپور کے جامعہ پل پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی۔اور اس کے ڈوبنے کے فوراً بعد حکام، ایس ڈی آر ایف کے اہلکار، پولیس اور ماہی گیروں نے اس کی لاش کو نکالنے کی کوششیں کیں لیکن ابھی تک اسے برآمد نہیں کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ17سالہ دوشیزہ کی بوسیدہ لاش کو مقامی لوگوں نے کل بارہمولہ کے علاقے بونیار میں بازیافت کیا، جس کے بعد لاش کو جی ایم سی بارہمولہ لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اہل خانہ کے ڈی این اے کے نمونے بھی لئے گئے ہیں اور تمام رسمی کارروائیوں کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکام نے 20 دن کے بعد اس کی لاش کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن ختم کر دیا تھا۔