گھرگھر گائوں گائوں جاکر لوگوں کو خبردارکریں:ارشادرسول کار
سری نگر// نیشنل کانفرنس نے منشیات کی وباء کیخلاف بیداری مہم شروع کرتے ہوئے یوتھ لیڈروں وعہدیداروں سے کہاکہ گھرگھر گائوں گائوں جاکر لوگوںبالخصوص نوجوانوںکو منشیات کے خطرناک اثرات سے خبردارکریں ۔جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈروں اورسرگرم کارکنوںکی ایک میٹنگ منگل کو پارٹی لیڈر اور سوپور کے کانسچیونسی انچارج ارشاد رسول کار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں یوتھ بلاک صدر ڈانگرپورہ ریاض احمدگنائی ،یوتھ صدر سوپوررفیق احمد اوریوتھ صدر سنگرامہ بلاک جان محمد کے علاوہ پارٹی کی یوتھ ونگ کے سرگرم کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔میٹنگ میں معاشرے میں منشیات کے بڑھتے رُجحان پرسخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے عوامی سطح پر بیداری مہم چلانے کافیصلہ لیاگیا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈرارشادرسول کار نے میٹنگ میںبولتے ہوئے کہاکہ منشیات کے دھندے اوراستعمال کارُجحان سماج ومعاشرے کیلئے سم قاتل ہے ،کیونکہ بڑی تعدادمیں ہمارے نوجوان منشیات کے عادی بن گئے ہیں ۔انہوںنے نوجوانوںکو قوم کاسب سے انمول وقیمتی سرمایہ واثاثہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس وباء اور لعنت سے بچانے میں اپنا رول اداکرنا ہوگا۔ارشاد رسول کار نے منشیات کادھندہ کرنے والوںکو خطرناک سماج دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسے عناصر نوجوان نسل کوتباہی وبربادی کی راہ پر ڈال رہے ہیں ۔انہوںنے پارٹی کی یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے کہاکہ وہ منشیات مخالف مہم کے سلسلے میں گھرگھر گائوں گائوں جاکر لوگوںکو آگاہی فراہم کریں اور اُنھیں بتائیں کہ اگر ہم نے منشیات فروشی اور نوشی کے بے لگام ہورہے رُجحان پرفوری قابو نہ پایاتو ہماری نوجوان نسل تباہ وبرباد ہوجائیگی ۔انہوںنے یوتھ ونگ کے ذمہ داروں اور عہدیداروں سے کہاکہ وہ منشیات مخالف بیداری مہم چلانے کیلئے گائوں گائوں اوربستی بستی جاکر کمیٹیاں تشکیل دیں ۔










