دریش کدل سری نگرمیں نوجوان لڑکی نے منگیترکے پیٹ میں چھراگھونپ دیا
سری نگر//خودکشی اورپُراسرار اموات کے واقعات کے بعد اب کشمیرمیں چاقو چھری چلنے کاایک خطرناک رُجحان پیدا ہورہاہے ،کیونکہ گزشتہ24گھنٹوںکے دوران چاقوچلنے کے2واقعات میں 3نوجوان زخمی ہوگئے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق چوبیس گھنٹوںمیں اپنے نوعیت کے دوسرے خطرناک اورچونکا دینے والے واقعے میں، منگل کی دوپہر سری نگر کے کاک سرائے سری نگر کے دریش کدل علاقے میں ایک لڑکی نے ایک نوجوان پر چاقو سے وار کیا۔ذرائع نے بتایاکہ منگل کو دوپہر کے وقت دریش کدل علاقے میں ایک نامعلوم لڑکی کی طرف سے چھرا گھونپنے کے بعد ایک لڑکے کو پیٹ میں چوٹیں آئیں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان لڑکے کو علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔لڑکے کی شناخت عادل احمدساکنہ بمنہ سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ نامعلوم لڑکی، جرم انجا م دینے کے بعدموقع سے فرار ہو گئی ہے، جب کہ اسے پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسرSMHS ڈاکٹر آصف نے تصدیق کی کہ لڑکے کے پیٹ میں چوٹ آئی ہے تاہم انہوںنے کہاکہ اس کی حالت مستحکم ہے۔دریں اثناء سری نگر پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ دریش کدل چھتہ بل سری نگرمیں دن دہاڑے ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کرنے والی اُسکی منگیتر تھی،اوردونوںکانکاح بھی ہواتھا ۔پولیس نے بتایاکہ عادل احمد کلو ساکنہ بمنہ سری نگرپر اُسکی منگیترآصفہ بشیرساکنہ پارم پورہ سری نگر نے چاقو سے وار کیا ،جسکے نتیجے میں نوجوان کوچوٹیں آئیں ،اوراُس کواسپتال منتقل کیاگیا ۔پولیس نے بتایاکہ فوری تلاشی کارروائی عمل میں لاکر ملزم لڑکی کو حراست میں لیاگیاجبکہ ملزمہ کیخلاف پولیس تھانہ صفاکدل میں ایف آئی آر زیرنمبر57/2023کے تحت کیس درج کیاگیا،اوراس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔اُدھر گاندربل میں2ساتھی طالب علموں کو چاقو سے زخمی کرنے والے نوجوان کوپولیس نے گرفتارکرلیا۔ذرائع نے بتایاکہ گاندربل ضلع کے بیہامہ علاقے میں پولیس نے ایک نوجوان کو اپنے2ساتھی طالب علموں کو چاقو سے زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔بتایاجاتاہے کہ پیر کی سہ پہر تقریباً3 بجے، ڈریم لینڈ اسکول بیہامہ گاندربل میں زیرتعلیم طلباء کے2گروپوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس میں بانڈی باغ گاندربل کے ایک طالب علم نے 2ساتھی طالب علموں پر تیز دھار چیزیعنی چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔ زخمی طالب علموں کی شناخت ہدایت احمد اور ابراہیم احمد ساکنان یہامہ گاندربل کے بطور ہوئی۔پولیس نے بتایاکہ واقعہ کے فوراً بعد، دونوں زخمی طالب علموں کو علاج کے لئے SKIMS منتقل کر دیا گیاجبکہ ساتھی طلبہ پر حملہ کرنے والاطالب علم موقع سے فرار ہوگیا۔ اس واقعے کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر نمبر116/2023 متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی ۔پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ ڈی ایس پی گاندربل کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے تعینات کیا گیا تھا، سخت کوششوں کے بعد پولیس ٹیم نے ملزم کو باروسہ گاندربل کے قریب سے پکڑ لیا۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ واقعہ معمولی باتوں پر پیش آیا اور کچھ اور طالب علم ہاتھا پائی میں ملوث تھے۔ (حملہ آور) جو ڈریم لینڈ اسکول کی12ویں جماعت کا طالب علم ہے شروع سے ہی جارحانہ رہا ہے اور اسکول کے پرنسپل کے مطابق وہ ماضی میں دیگر طلبہ کے ساتھ متعدد لڑائیوں میں ملوث رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام قانونی طریقہ کار اور رسمی کارروائیوں کیساتھ مجرم کو جووینائل بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور اس جھگڑے میں ملوث دیگر طلبہ بھی شامل ہیں۔










