رواں سال بارہمولہ پولیس کی معاشرے کومنشیات کی لعنت سے نجات دلانے کی فعال مہم جاری

6کروڑ69لاکھ 90ہزار روپے مالیت کی منشیات ضبط :پولیس

بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے سماج ومعاشرے کومنشیات کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے جاری اپنی مہم کے تحت رواں سال کے پہلے4مہینوںکے دوران 10انتہائی مطلوب منشیات فروشوں سمیت اس سماج ونوجوان کش دھندے میں شامل کل156ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی ،جن کی تحویل سے اول جنوری2023سے آخر فروری تک مجموعی طور پر 6کروڑ69لاکھ 90ہزار روپے مالیت کی منشیات بشمول برائون شوگر ،ہیروئین اور چرس برآمد کرکے ضبط کیاگیا جبکہ منشیات کی نقل وحمل یا اسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی 15گاڑیوںکے ساتھ ساتھ ملزمان سے 43لاکھ 90ہزارروپے کی رقم بھی ضبط کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق رواں سال منشیات فروشوں کیخلاف کی گئی کامیاب کارروائیوںکی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے اپنے آفیشنل ٹویٹر ہینڈل پر مکمل جانکاری دی ۔آفیشل ٹویٹ میں بارہمولہ پولیس نے بتایاکہ ضلع بھرمیں سال2023میں اول جنوری سے 30اپریل تک کے4مہینوںکے دوران 156منشیات اسمگلروں اور فروشوں کوگرفتار کیاگیا ،جن میں10انتہائی مطلوب منشیات فروش بھی شامل ہیں ۔بارہمولہ پولیس کے مطابق 9منشیات فروشوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیااوراُن کو مختلف جیلوںمیں بند رکھاگیا ہے ۔بارہمولہ پولیس نے مزید بتایاکہ رواں سال کے پہلے چار مہینوںکے دوران ضلع بھرمیں انجام دی گئی کارروائیوںکے دوران مجموعی طور پر 6کروڑ69لاکھ 90ہزار روپے مالیت کی منشیات بشمول برائون شوگر ،ہیروئین، چرس،پوست کابھوسہ اوردیگر نشہ آورمادہ برآمد کرکے ضبط کیاگیا ۔مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے کہاکہ ضبط منشیات میں3.14کروڑ روپے مالیت کی 2.416کلوگرام برائون شوگر،2.95کروڑ روپے مالیت کی 2.272کلوگرام ہیروئین ،25.99لاکھ روپے مالیت کی 5.777کلوگرام چرس،34.91لاکھ روپے مالیت کا69.82کلوگرام پوست کابھوسا اور دیگر نشہ آور مادہ بھی شامل ہے۔پولیس کے مطابق اس دوران منشیات کی نقل وحمل اوراسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی 15مختلف قسم کی گاڑیوںکو بھی ضبط کیاگیا جبکہ منشیات فروشوں سے 43لاکھ 90ہزارروپے کی رقم بھی ضبط کی گئی۔پولیس نے مزید بتایاکہ رواں سال کے پہلے چار مہینوںکے دوران 9خطرناک اور بدنام منشیات فروشوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیاگیا،اور یہ سبھی ملزمان مختلف جیلوںمیں بند پڑے ہوئے ہیں ۔بارہمولہ پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹ کے آخر میں کہاکہ بارہمولہ ضلع کے عام لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کی معلومات کے ساتھ آگے آئیں (شناخت خفیہ رکھی جائے گی) تاکہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پولیس کا ساتھ دیا جا سکے جو کہ مضبوط پولیس پبلک ریلیشن شپ کی اصل علامت ہے۔