محنت کشوں کاعالمی دن ،EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی مشترکہ تقریب

محنت کشوں کاعالمی دن ،EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی مشترکہ تقریب

محنت کشوں اور غریب مزدوروں کے بچوں کو اچھے تعلیمی اداروںمیںمفت تعلیم دی جائے:اعجازاحمدخان

سری نگر// دنیا بھرمیں منائے جارہے یوم مزدوران یعنی یوم مئی کے موقعہ پر سری نگرمیں ملازم انجمنوںکے مشترکہ پلیٹ فارم EJCCاور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکی جانب سے ایک مشترکہ تقریب منعقد ہوئی ،جس میں کئی سینئر ٹریڈیونین لیڈروں ،کارکنوں اور ملازمین نے بھی شرکت کی ۔جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق جوٹریڈ یونین لیڈران اورسینئر اراکین تقریب میں موجود تھے ،اُن میں اعجازاحمدخان ،منیر فلگرئو،حاجی عبدالقیوم بیگ،شاہنوازآہنگر،مسعودنازکی ،فیروز نجار،وحیدہ جی ،نورمحمد،منظوراشبری ،فدامحمد، پرویز احمد،شمیمہ پنڈت،وسیم مختار ،خورشید میر،سجادآہنگر،شوکت صوفی،قیوم گلہ ،بلال تمباکو،میرمنظور ،شیخ شبیر ،عبدالمجید اور فامن مظفر قابل ذکر ہیں ۔یوم مئی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے EJCCکے چیئرمین اور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں وکشمیرکے صدر اعجاز احمدخان نے کہاکہ آج جب ہم محنت کشوںکاعالمی دن یعنی یوم مئی منارہے ہیں ،تو سرمایہ دارانہ نظام آج بھی محنت کشوں پرغالب اور حاوی ہے،اور سرمایہ دارانہ نظام کے علمبردار آج بھی محنت کشوں پر اپنا تسلط قائم کئے ہوئے ہیں ۔انہوںنے مزدوروں کے عالمی دن کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے ۔انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن یکم مئی ہے۔اعجاز خان نے کہاکہ 1886 میں شکاگوشہر میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی آواز، اپنا پسینہ بہانے والی طاقت کو خون میں نہلا دیا گیا، مگر ان جاں نثاروں کی قربانیوں نے محنت کشوں کی آواز اورحق پر مبنی جدوجہد کو نہ صرف تواناکیا بلکہ اس کودنیا بھر میں فعال بنا دیا۔انہوںنے کہاکہ ہم 1886کے شہیدوںکی قربانیوںکوکبھی فراموش نہیں کریں گے ،کیونکہ آج اگر دنیا میں محنت کشوںکو کوئی حقوق حاصل ہیں تویہ اُن کی جانبازوںکی قربانیوںکا نتیجہ ہے ۔سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ اب جبکہ ہم آج ہم اس عظیم دن کومنارہے ہیں ،تو ہمیں اسبات کااحساس اورافسوس بھی ہے کہ مختلف سطحوں پراور مختلف شعبوںمیں آج بھی محنت کشوں کے حقوق پامال کئے جاتے ہیں ،اورآج بھی سرمایہ دارانہ نظام کے حامی استحصالی عناصر کاہی غلبہ بناہواہے ۔انہوںنے کہاکہ اپنے حقوق کیلئے جدوجہدایک جمہوری اور بنیادی شہری حق ہے ،لیکن اس کیلئے بنیادی شرط یہ ہے کہ محنت کش اپنے حقوق اور آئین وقوانین میں دئیے گئے تحفظ کے بارے میں جانکاری اورواقفیت رکھتے ہوں ۔اعجاز احمدخان نے محنت کشوںکی زبوں حالی پرسخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ 21ویں صدی میں بھی سرکاری اور نجی سیکٹروںمیں کا م کرنے والے محنت کشوںکو اُن کی محنت کاپورا معاوضہ نہیں دیاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ محنت کشوںکی حالت زندگی میں بہتری لانے کیلئے بہت زبانی جمع خرچ کیاجاتاہے ،لیکن زمینی سطح پرکوئی عملی اقدامات روبہ عمل نہیں لائے جاتے ہیں ۔ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے حکومت پر زوردیاکہ محنت کشوں کی یوم اُجرت میں توازن اور معقولیت لائی جائے ۔محنت کشوں اور غریب مزدوروں کے بچوں کو اچھے تعلیمی اداروںمیںمفت تعلیم دی جائے ،صحت اور دیگر شعبوں میں محنت کشوں کو لازمی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اعجاز احمدخان نے حاضرین سے مخاطب ہوکرکہاکہ آئیے آج ہم یہاں سب ملکر یہ عیدکریں کہ ہم سرمایہ دارانہ نظام کی چکی میں پس رہے لاکھوں کروڑوں محنت کشوں کے حقوق کاتحفظ کرنے کیلئے آئین وقانون کی روشنی میں اپنی آوازمیں مضبوطی اور یکجہتی لائیں گے ۔