abid rasheed shah

سیکرٹری سیاحت نے شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کی

قریبی کوآرڈی نیشن پر زور ،ریگولیٹری عمل میں آسانی کی یقین دہانی اورجموں و کشمیر کی سیاحت کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے پُرعزم

سری نگر//سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے اَپنے شراکت داروں کی مشاورت کے ایک حصے کے طور پر کھارا ۔خروف کوآرڈی نیشن کمیٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مقامی سیاحتی صنعت کے مختلف طبقات کے نمائندوں کے ساتھ مراتھن اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا۔سیکرٹری سیاحت نے ایک اَچھے سیاحتی سیزن کے آغاز پر شراکت داروں کی تعریف کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اِس سے سیاحوں کی آمد کا ایک بہت بڑا سیزن ہوگا جو گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ محکمہ اور شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی حاصل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحتی شعبے کو مزید ترقی دینے کو اوّلین ترجیح دی ہے اور یہ ان کی کوشش ہوگی کہ اسے نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے دیکھا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس مقصد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید نے مختلف شراکت داروں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے پہلے سیاحتی خدمات کے ریگولیشن سے متعلق مختلف عمل کو آسان بنانے کی ہدایت دی ہے اور آنے والے دِنوں میں اس کی نگرانی کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ سیاحوں کو کافی اور متنوع تجربا ت فراہم کرنے کے لئے محکمہ کی جانب سے سرگرمیوں کا سالانہ کیلنڈر تیار کیا جارہا ہے ۔شراکت داروں کے نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل میں کاروبار کرنے میں آسانی ، مشترکہ ایس ٹی پیز کا قیام ، ایم ایس ایم اِی کے تحت بجلی کی ٹیرف پر غور ، ملک کی گھریلو مارکیٹ اور بیرون ملک جموںوکشمیر کی سیاحت کامتواتر اور باقاعدہ فروغ ، ہوٹلوں کے نرخوں کا تعین اور دیگر مسائل شامل تھے۔سیکرٹری سیاحت نے شراکت داروں کو یقین دِلایا کہ حکومت کی طرف سے اِن مسائل پر ہمدردی سے غور کیا جائے گا۔اِس سے قبل ڈائریکٹر سیاحت کشمیر فضل الحسیب نے میٹنگ کو سیاحتی منظر نامے اور شراکت داروں کی بہتری کے لئے محکمہ کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔