سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے کشمیر نرسنگ ہوم میں جی۔20میٹنگوں کیلئے ہیلتھ کیئر کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

سری نگر//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے گپکار میں کشمیر نرسنگ ہوم کا دورہ کیا تاکہ مئی میں کشمیر میں منعقد ہونے والے آئندہ جی ۔20 سربراہی اِجلاس کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت کے ہمراہ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر ڈاکٹر تنویر مسعود اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر بھی تھے۔اُنہوں نے نرسنگ ہوم کے تمام حصوں کا دورہ کیا اور جی ۔20 سربراہی اِجلاس کے لئے صحت سہولیات کے لئے جاری کام کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ کشمیر نرسنگ ہوم کو زیر اِلتوأ کام کو تیز کرنے اور ہسپتال کوپندرہ دِن کے اندر ہر لحاظ سے مکمل طور پر تیار کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ کو ہسپتال کی او پی ڈی کی تعداد میں اِضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوام کو زیادہ فائدہ ہو۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سیکرٹری صحت و طبی تعلیم باقاعدگی سے جی۔20 اجلاسوں کے لئے ہیلتھ کیئر کے اِنتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ آنے والے معززین کے لئے تمام سہولیات مہیا جائیں۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کی ہدایت پر طبی عملے کو ہیلتھ کیئر کے آلات اور سہولیات کے بارے میں تربیت اور اَپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جو جی ۔20 سربراہی اجلاس کے دوران دستیاب ہوں گے۔