ریحانہ بتول نے محنت و روزگار محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموں//سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ ریحانہ بتول نے محکمہ محنت و روزگار کے کام کاج کاجائزہ لینے کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ ، بلڈ نگز اینڈ دیگر کنسٹرکشن ورکروں ویلفیئر بورڈ( بی اینڈاو سی ڈبلیو ڈبلیو بی ) اور ملازمین کی سکیموں اور اسٹیٹ اِنشورنس سوسائٹی ( اِی ایس آئی سی ) مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں سیکرٹری / چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ دیگر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ منیر الاسلام ، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی ، لیبر کمشنر عبدالرشید وار ، سپیشل سیکرٹریز ڈاکٹر راج کمار تھاپا ،ایڈیشنل سیکرٹری اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔سیکرٹری موصوفہ نے محکمہ کی طرف سے لاگو کی جانے والی مختلف سکیموں اور دیگر متعلقہ محکمانہ اَمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کی سکیموں کو صحیح معنوں میں نافذ کریں اور تمام فلاحی اقدامات کے ساتھ مزدوروں اور ان کے کنبوں تک پہنچیں ۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی میں شروع کئے جانے والے روزگار کے مختلف منصوبوں کے بارے میں نوجوانوں میں بیداری پیدا کریں۔سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ محکمہ کے بھرتی قوانین کو تیزی سے حتمی شکل دیں تاکہ اِس سرکاری اِدارے کے کام کو مزید بہتر کیا جاسکے۔سیکرٹری بی اینڈ او سی ڈبلیو ڈبلیو بی نے میٹنگ کو بتایا کہ بورڈ نے تقریباً 121کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی ہے۔ تعلیمی اِمداد کے طور پر 2,000 رویے سے لے کر 50,000 روپے فی طالب علم رجسٹرڈ کا رکنوںکے بچوں کے لئے ہے۔ لیبر کمشنر نے جموںوکشمیر یوٹی کے اَضلاع میں لیبر سرائیوں کی تعمیر کی تازہ ترین صورتحال کا اشتراک کیا ۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس سوسائٹی ( اِی ایس آئی ایس) کے تحت یوٹی میں 8 ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں جہاں 1,36,190 بیمہ شدہ اَفراد مفت ہیلتھ کیئر حاصل کرنے کے اہل ہیں۔سال 2022-23ء میں 39,321 افراد میں 4.34 کروڑ روپے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔بتایا گیا کہ محکمہ نے کاروبار کرنے میں آسانی اور زندگی میں آسانی کے لئے 51 کاروباری اصلاحات کا ایکشن پلان شروع کیا ہے جن میں سے 35 کو مکمل طور پر نافذ کیا جا چکا ہے، 12 کوسال 2022-23ء میں جزوی طور پر نافذ کیا گیا ہے اور باقی ماندہ رواں مالی برس میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے سال-23 2022ء میں تقریباً 4,000 آجروں کو رجسٹر کیا ہے تاکہ آجروں اور روزگارکے متلاشیوں کے درمیان تفاوت کو ختم کیا جا سکے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ میلوں کا انعقاد کر رہا ہے جہاں روزگار کے متلاشیوں اور روزگار فراہم کرنے والوں کو مدعو کیا جاتا ہے اور اس نے سال 2022-23ء کے دوران مختلف کمپنیوں میں تقریباً 1,700 روزگار کے متلاشیوں کی تقرری کو یقینی بنایا ہے۔