صوبائی کمشنر جموں نے اَضلاع میں سپیشل سمری رویژن کی پیش رفت کا جائزہ لیا

جموں//صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے اِنتخابی فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اِنتخابی اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ یہ بات قابل ذِکر ہے کہ تصویری اِنتخابی فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کے حوالے سے دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی تاریخ میں6؍ مئی 2023ء تک توسیع کی گئی ہے۔صوبائی کمشنر نے اَضلاع میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد ، دعوئوں اور اعتراضات کی تعداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے ضلعی اِنتخابی اَفسران کو ہدایات اور شیڈول کے مطابق نظرثانی کرنے اور اہداف کے حصول کے لئے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ان سے دعویٰ اور اعتراضات کے بروقت نمٹانے کو بھی یقینی بنانے کے لئے کہا۔صوبائی کمشنر نے ڈسٹرکٹ الیکٹورل اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سپیشل سمری رویژن بشمول نئے ووٹروں کا اِضافہ اور ڈپلی کیٹ ووٹروں کو حذف کرنے کا کام توسیع شدہ تاریخ کے اَندر مکمل کریں۔اُنہوں نے اُنہیں سپیشل سمری رویژنسے وابستہ تمام اَفسران اور ملازمین کو ہدایات جاری کرنے کی بھی ہدایت دی کہ وہ صد فیصد اہل ووٹروں کے اِندراج سے مشق کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے لگن اور جوش کے ساتھ کام کریں۔ضلع اِنتخابی اَفسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ بوتھ لیول اَفسران کی فہرست ان کے رابطہ نمبروں کے ساتھ ویب سائٹس پر اَپ لوڈ کی جائے اور عوامی معلومات کے لئے نوٹس بورڈوںپر چسپاں کی جائے۔بتایا گیا کہ نوجوان ووٹروں کی بیداری کے لئے اَضلاع میں مختلف میگا کیمپ لگائے گئے ہیں۔ صوبائی کمشنر نے اہداف کے حصول کے لئے کالجوں اور دیہاتوں میں خصوصی کیمپوں اور مہمات کے ساتھ ساتھ گھر گھر مہم چلانے پر زوردیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر جموں ، جموں اور کٹھوعہ کے ڈپٹی ڈی اِی اوز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ دیگر تمام ضلعی الیکشن اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔