آج اور کل بعددوپہر اورشام کو بکھرے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کاامکان :محکمہ موسمیات
سری نگر//منگل کی شام سے مسلسل تیز اور موسلادار بارشوں کے بعد جمعرات کوعلی الصبح تک دریائے جہلم اور بیشترندی نالوںمیں پانی کی سطح تیزی کیساتھ بڑھ گئی ،جسکے نتیجے میں مذکورہ آبی ذخائر کی نزدیکی بستیوںمیں سیلاب کے خطرات پیداہوگئے ۔حکام نے دریائے جہلم اور مختلف ندی نالوں کے نزدیک رہائشی علاقوںمیں رہنے والے لوگوں کیلئے الرٹ بھی جاری کردیا جبکہ محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیر نے جنوبی ،وسطی اورشمالی کشمیر کے سبھی ڈویژنوں کومتحرک کرتے ہوئے صورتحال پر کڑی نظررکھنے کیلئے ہنگامی اسکارڈ اورٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کردی ۔اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات کوصبح تقریباً7بجے سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے شروع ہوگئی اور 9بجے تک کشمیر کے بیشترعلاقوںمیں بارشوں کا سلسلہ اچانک تھم گیا۔موسم بہتر ہونے اور بارشوں کاسلسلہ رک جانے کے بعد دریائے جہلم اور نالہ ویشو سمیت سبھی ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کاسلسلہ تھم گیا ،اور پھرپانی کی سطح میں بتدریج کمی واقعہ ہونے لگی ،اوریوں کشمیرمیں ستمبر2014جیسی سیلابی صورتحال کاامکانی خطرہ ٹل گیا۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کی شام سے مسلسل تیز اور موسلادار بارشوں کے بعد جمعرات کوعلی الصبح موسمی صورتحال میں ٹھہرائو آنا شروع ہوگیا،اور بارشوں کا سلسلہ رُک گیا۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں دریائے جہلم اور بیشتر ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہوگیا تھا ،اور کچھ مقامات پر پانی کی سطح خطرے کے نشان کوچھونے لگی تھی ۔ محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیر کی جانب سے جمعرات کو صبح 11بجے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اُسوقت دریائے جہلم میں سنگم کے مقام پر پانی کی سطح 14.37فٹ تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان18/21فٹ رکھاگیاہے ،پانپور کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح 3.72فٹ تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان3.85/4.45فٹ ہے ۔اسی طرح سے رام منشی باغ سری نگرمیں جمعرات کی صبح گیارہ بجے پانی کی سطح 15.6فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ یہاں خطرے کانشان16/18فٹ مقرر ہے ۔عشم سونہ واری میں جہلم میں پانی کی سطح9.72فٹ تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان14/14فٹ رکھاگیاہے ،اور وولر جھیل سوپور میں جمعرات کو صبح پانی کی سطح1576.12میٹر تھی جبکہ وُلر میں طغیانی یاسیلابی صورتحال پیداہونے کی سطح1578.00میٹر مقرر کی گئی ہے ۔محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیرکے مطابق جمعرات کو صبح 11بجے مختلف ندی نالوںمیں پانی کی اونچائی کچھ یوں ریکارڈ کی گئی ۔کھڈونی کولگام کے مقام پر نالہ ویشومیں پانی کی سطح5.60میٹر تھی جبکہ اس خطرناک نالے میں خطرے کانشان 7.0میٹر ہے ۔وچی شوپیان کے مقام پر نالہ رنبیارامیں پانی کی سطح 0.43میٹر تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان5.7میٹر ہے ۔۔بٹہ کوٹ پہلگام کے مقام پر نالہ لدر میں پانی کی اونچائی1.65میٹر سے زیادہ ہونے کامطلب سیلاب کاخطرہ ہے ۔سری نگرمیں برزلہ کے مقام پر نالہ دودھ گنگامیں پانی کی سطح1.30میٹرتک پہنچ گئی تھی جبکہ یہاں سیلابی خطرے کانشانن3.8میٹر مقررہے ،اور ددرہامہ گاندربل میں نالہ سندھ میں پانی کی سطح 1.68میٹر تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان3.35میٹر ہے ۔اُدھر شمالی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مسلسل تقریباً100گھنٹے تک بارشیں ہونے کے بعد نالہ فیروزپورہ ٹنگمرگ اور نالہ مائور ہندوارہ میں بھی پانی کی سطح بڑھ گئی ہے ۔اس دوران لوگوں نے بتایاکہ پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعد دریائے جہلم اور کئی ندی نالوںنے خطرناک رُخ اختیار کرلیاتھا اور پانی کی سطح میں اضافے کے بعد بہائو میں بھی کافی تیزی پائی گئی ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جمعرات کی صبح 9بجے موسمی صورتحال کے حوالے سے تازہ اَپ ڈیٹ جاری کیا ۔متعلقہ محکمے کے مطابق بدھ کی شام ساڑھے5بجے سے جمعرات کوصبح ساڑھے 8بجے تک کے15گھنٹوںکے دوران پہلگام میں13.6ملی میٹر ، کوکرناگ میں20.4ملی میٹر ، قاضی گنڈ میں14.6ملی میٹر ، سری نگر میں12ملی میٹر ، اننت ناگ میں4.0ملی میٹر ، شوپیاں میں بھی4.0ملی میٹر ، کولگام میں2.0ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی کہاکہ پوری کشمیروادی میں آسمان پر بادل چھائے ہیں ،اور جمعرات کی سہ پہر اور شام کے وقت الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے تاہم کسی تیز یا موسلادار بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوںکی موسمی صورتحال کے حوالے سے کہاکہ آج یعنی21اپریل اور کل یعنی22اپریل کوبعددوپہر اورشام کے وقت سے بکھرے ہوئے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کاامکان ہے ۔متعلقہ محکمے نے مزید بتایاکہ 23سے25اپریل تک موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جمعرات کوبعددوپہر2بجکر 15منٹ پر تازہ اَپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے یہ امکان ظاہرکیاکہ اگلے2سے3 گھنٹوں کے دوران وسطی کشمیر، شمال مغربی حصوں اور جنوبی کشمیر، پونچھ ضلع اور ملحقہ علاقوں کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے اور اس کے بعد بتدریج کمی واقع ہوگی۔ متعلقہ محکمے نے کہاکہ بالخصوص پونچھ اور اس سے ملحقہ علاقوں، بانہال،رام بن کے حصے اور جنوبی کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ تیز ہواؤں کیساتھ مختصر مدت کے لئے درمیانی سے بھاری شدت کی بارشیں بھی ممکن ہیں۔










