عیدگاہوںمیں نماز عید کے اجتماعات کے روشن امکانات
سری نگر//محکمہ موسمیات کی جانب سے 21اور22،اپریل کودوپہرتک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے بعد اسبات کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ کشمیروادی میں امسال عیدالفطر کے اجتماعات بغیر کسی خلل کے روایتی مذہبی جذبے کیساتھ عیدگاہوںمیں منعقد ہونگے ۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کی شام سے جمعرات کی صبح تک موسمی صورتحال انتہائی ابتر رہنے کے بعد بارشوں کاسلسلہ تھم گیاتاہم آسمان پر بادل منڈلاتے رہے ۔اس بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات کوجاری کردہ تازہ موسمیاتی اَپ ڈیٹ میں کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص وادی میں 21اپریل اور22اپریل کوبعددوپہر اورشام کے وقت سے بکھرے ہوئے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کاامکان ہے ۔متعلقہ محکمے کی اس پیش گوئی نے اہلیان وادی میں یہ اُمید پیدا کردی ہے کہ وہ آج یاکل عید الفطر کی تقریب سعیدہونے کے موقعہ پر عیدگاہوںمیں جاکر نماز عیدکے عظیم الشان اجتماعات میں شرکت کریں گے ۔معلوم ہواکہ جمعرات کی صبح موسمی صورتحال میں بہتر ی آنے کے بعد منتظمین نے عیدگاہوں میں جمع پانی کونکالنے اور عیدگاہوں کوخشک کرانے کاکام شروع کردیا۔عیدگاہوںکے کئی منتظمین نے بتایاکہ جمعرات کی شام تک عیدگاہوںکو اجتماعات کے قابل بنایا جائے گا،اور اگر مزید کوئی بارش نہ ہوئی تو نماز عیدالفطر کے اجتماعات انشاء اللہ عیدگاہوںمیں ہی صبح کے وقت منعقد کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ حسب روایت نماز عید کے اجتماعات صبح دس بجے سے پہلے پہلے ہونگے ۔اس دوران کشمیروادی کے بیشترعلاقوں میں عیدگاہوںکے منتظمین نے نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے اوقات کااعلان بھی کیا ،اور نماز عید کے اجتماعات کاوقت کہیں صبح 6بجے ،کہیں 7بجے ،کہیں8بجے اور کہیں9بجے مقرر کیاگیاہے ۔عیدگاہوں کیساتھ ساتھ بڑی جامع مساجد میں بھی نماز عیدالفطر کے اجتماعات منعقد ہونگے اور ایسی مساجد میں بھی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں ۔










