irshad kar

بارشوں کے بعد سوپور قصبہ کی سڑکیں اور بازارتالابوں میں تبدیل

پینے کے پانی کی عدم دستیابی ،متعلقہ حکام فوری توجہ دیں:ارشادرسول کار

سری نگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور کانسچیونسی انچارج سوپورارشاد رسول کار نے بارشوں کے بعد سوپور قصبہ میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسبات پر زوردیاہے کہ انتظامیہ کو عیدالفطر کے پیش نظر پانی کی فوری نکاسی کیلئے ہنگامی اقدامات روبہ عمل لانے چاہیں ۔انہوںنے سوپور اوراسکے مضافاتی علاقوںمیں پینے کے پانی کی قلت وعدم دستیابی کوعوام کیلئے تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی( پی ایچ ای ) کے سینئر انجینئر اس اہم ترین روزمرہ ضرورت کویقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق اپنے ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے کہاکہ گزشتہ تقریباً100گھنٹوںکی مسلسل بارشوں نے سوپور قصبہ کی سڑکوں ،گلی کوچوں ،چوراہوں ،نکڑوں اور بازاروں کو تالابوںمیں تبدیل کردیاہے ،جسکے نتیجے میں عام لوگوں کیساتھ ساتھ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹروںکو بھی سخت مشکلات درپیش ہورہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جگہ جگہ بارشوںکا پانی جمع ہونے سے لوگوںکوعبورومرور میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے ،جسکے نتیجے میں عیدالفطر کے موقعہ پر ہونے والی کاروباری سرگرمیاں بھی اثر انداز ہورہی ہیں ۔ارشاد رسول کار نے اسبات پر زوردیاہے کہ انتظامیہ کو عیدالفطر کے پیش نظر پانی کی فوری نکاسی کیلئے ہنگامی اقدامات روبہ عمل لانے چاہیں،تاکہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ تاجروں اور ٹرانسپورٹروںکوفوری راحت مل سکے ۔انہوںنے کہاکہ واٹر پمپ استعمال کرکے جمع پانی کی فوری نکاسی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور اسکے لئے مختلف محکموں کے درمیان باہمی تال میل کی ضرورت ہے ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے کہاکہ دریائے جہلم کے کنارے واقع تاریخی قصبہ سوپور اوراسکے مضافاتی علاقوں بشمول زینہ گیر کے لوگوںکا ایک دیرینہ مسئلہ پینے کے پانی کی عدم فراہمی رہاہے اور بدقسمتی سے متعلقہ انجینئر اس مسئلے کاکوئی مستقل حل تلاش کرنے میں آج تک ناکام رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موسم سرما یا ہویا گرم ،سوپور اوراسکے مضافاتی علاقوںمیں پینے کے پانی کی قلت اورعدم دستیابی رہتی ہے ۔ارشاد رسول کار نے کہاکہ امسال ماہ مبارک میں بھی پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ سرچڑھ کر بولتا رہااور حتیٰ کہ مساجد میں بھی پانی کی فراہمی کویقینی نہیں بنایاگیا۔انہوںنے کہاکہ اب عیدالفطر کے موقعہ پر بھی یہی صورتحال پائی جاتی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے کہاکہ محکمہ جل شکتی( پی ایچ ای ) کے سینئر انجینئروں پر زوردیاکہ وہ پینے کے پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات اُٹھانے کیساتھ ساتھ اس دیرینہ مسئلے کوحل کرنے کیلئے واٹر سپلائی اسکیموں کی تکمیل کویقینی بنائیں اور موجودہ اسکیموں میں پائی جانے والی خرابیوںکودور کریں ۔