’’اور تجھے کیا معلوم کہ شب ِ قدرکیا ہے؟شب ِ قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے‘‘:ارشاد باری تعالیٰ
جموں وکشمیرکی جملہ عبادت مسلم گاہوں اوردینی مدارس میں شب قدرکے رُوح پرور اجتماعات
سری نگر//ماہ رمضان المبارک سایہ فگن ہونے کے بعد سے مسلمانوں کو شب قدر کابے صبری سے انتظاررہتاہے ،کیونکہ اللہ تعالیٰ کافرمان ہے کہ یہ رات(شب قدر) ہزار مہینوںسے بہتر ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق اکثر علمائے کرام کا خیال ہے کہ یہ (شب قدر)ماہ مبارک کی27ویں رات ہے۔حضرت ابن عباس سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ اس رمضان کی آخری 10 راتوں میں تلاش کرو جبکہ مہینہ ختم ہونے میں9دن باقی (21ویں رات) ، 7 دن (23ویں رات)، 5 دن باقی تو25ویں رات اور ماہ مبارک مکمل ہونے میں 3دن رہیں تو27ویں رات۔صاحب ایمان لوگ ماہ مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں کوجاگ کر شب بیداری کرتے ہیں اور پوری رات عبادات اوراذکار میں گزار کر اللہ تبارک وتعالیٰ سے اپنے گناہوںکی بخشش کی دعائیں کرتے ہیں ۔نزول قرآن کی اس رات کومسلمان قرآن خوانی بھی کرتے ہیں ۔بہرحال یہ ایک دینی معاملہ ہے ،جس پرعلمائے کرام ہی بہتر بتاسکتے ہیں ۔آج یعنی26ویں ماہ مبارک بروز پیر کوجموں وکشمیرمیں شب قدر پوری عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہے ۔کشمیر وادی اور جموں صوبے کی مساجد،خانقاہوں ،آستانوں ،زیارتگاہوں اور دینی مدرسوں میں لاکھوں فرزندان توحید شب قدر کے اجتماعات میں خشو وخضو کیساتھ شرکت کررہے ہیں ۔پورے جموں وکشمیرمیں شب قدر کاسب سے بڑا اورعظیم الشان اجتماع تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہورہاہے ،جہاں شہر کے ساتھ ساتھ وادی کے دوسرے علاقوں سے ہزاروں مسلم مردوزن جمع ہوکر شب بیداری کریں گے ۔وقف بورڈ کی جانب سے درگاہ حضرتبل آنے والے زائرین کی سہولیت کیلئے متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔درگاہ کے احاطے میں کئی بڑے چھوٹ خیمے اورسائباں نصب کئے گئے ہیں ،تاکہ شب بیداری کرنے والے بغیر کسی تکلیف کے عباد ت گزاری کرسکیں ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے سری نگراور وادی کے دوسرے علاقوں سے شب قدر کے اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کے درگاہ پہنچنے کی روٹ پلاننگ پہلے ہی جاری کی گئی ہے ،تاکہ کسی قسم کے ٹریفک جام کی صورتحال پیدانہ ہو۔یہ رپورٹ ضبط تحریر میں لاتے وقت ملنے والی اطلاعات کے مطابق بڑی تعدادمیں لوگ بشمول مسلم مردوزن نجی اور چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوںمیں نماز عصر سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق نماز مغرب تک ہزاروں لوگ درگاہ حضرت بل میں شب قدر کے اجتماع میں شرکت کیلئے پہنچ گئے تھے ،اور زائرین سے بھری گاڑیوںکی آمد کاسلسلہ برابر جاری تھا۔ادھر سری نگر میں واقع دیگر آستانوں ،خانقاہوں ،زیارت گاہوں،امام بارگاہوں اور چھوٹی بڑی مساجد میں بھی شب قدر کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں ۔ملنے والی اطلاعات کے مطابق درگاہ حضرت بل سمیت دیگر آستانوں ،خانقاہوں ،زیارت گاہوں اور چھوٹی بڑی مساجد میںشب بیداری کی شروعات رات10سے ساڑھے10بجے نماز عشاء کی ادائیگی کیساتھ ہوگی ،اور اسکے بعد مرحلہ وارطریقے سے نماز تراویح اداکی جائے گی ۔بیشتر عبادت گاہوںمیں نماز تراویح جلد مکمل کی جائے گی ،تاکہ لوگ شب قدر کی اصل رُوح اور فلسفے کے مطابق اللہ کے حضور عباد ت گزاری کرسکیں ،قرآن خوانی کرسکیں اور اللہ تعالیٰ سے اس بابرکت رات کے طفیل اپنے گناہوں کی بخشش ،خطائوں کے درگزر اورساتھ ہی اپنی اور اپنوںکی عمر ،رزق اور ایمان میں برکت کیلئے دعائیں مانگ سکیں۔کشمیر کے باقی 9اضلاع بشمول بڈگام ،گاندربل،بارہمولہ ،بانڈی پورہ ،کپوارہ ،پلوامہ ،شوپیان ،کولگام اور اننت ناگ کے علاوہ جموں صوبے کے مختلف اضلاع بشمول جموں ،ڈوڈہ ،کشتواڑ ،رام بن ،ریاسی ،ادوھم پور،سانبہ،راجوری ،پونچھ میں واقع آستانوں ،خانقاہوں ،زیارت گاہوں اور چھوٹی بڑی مساجد میں شب قدر کے روح پرور اور بابرکت اجتماعات منعقد ہورہے ہیں ۔دریں اثناء عبادت گاہوں کیساتھ ساتھ گھروںمیں بھی شب بیداری کااہتمام کیاگیا ،اور مسلم خواتین ،بچیوں اور بیمار وبزرگ لوگ گھروںمیں ہی پوری رات عبادات میں محورہے ۔گھرگھر نمازوں ونوافل کی ادائیگی اور قرآن خوانی کے بعد بارگاہ الٰہی میں عاجزی وانکساری کیساتھ دعائیں مانگی گئیں۔گھروںمیں بیٹھے مردون اور بچوں وبچیوںنے اللہ تعالیٰ سے اس بابرکت رات کے طفیل اپنے گناہوں کی بخشش ،خطائوں کے درگزر اورساتھ ہی اپنی اور اپنوںکی عمر ،رزق اور ایمان میں برکت کیلئے دعائیں مانگیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کی دعائوں کوقبول فرماتے ہوئے ہمیں اپنے حفظ وامان میں رکھے اور اُمت مسلمہ کوہرقسم کی پریشانیوں اور ناگہانی وانسانی عذاب سے محفوظ رکھے،آمین ۔










