سری نگر//سینئر ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز احمدخان نے ’’بیساکھی کے تہوار‘‘کے موقعہ پر سبھی لوگوں بالخصوص سکھ برادری کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ دن ہمیں زندگی میں ایک نئے جذبے کیساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتاہے ۔انہوںنے آئین ہندکے خالق اور عظیم سماج سدھار رہنما ڈاکٹر بی آر امبید کر کو اُن کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسی عظیم رہنما کی کاوشوں اور دور اندیشی کانتیجہ ہے کہ اسوقت بھارت دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت ہے اور ملک میں قانون سب کیلئے برابر ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ملازم انجمنوںکے اتحاد EJCCکے چیئرمین اعجاز احمد خان نے اپنے بیان میں کہاکہ کسی مذہب یاکسی شخصیت سے جڑے عظیم دن منانے کامقصد بھی عظیم ہونا چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ بیساکھی صرف کسی ایک مذہب کو ماننے والوںکا تہوار نہیں ،بلکہ یہ دن ہمیں ملکر حقوق کیلئے اُٹھ کھڑے ہونے اور ایک نئے ولولے وجذبے کیساتھ امور زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دیتاہے ۔اعجازاحمدخان نے سکھ برادری کوبیساکھی کے موقعہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ۔ٹریڈیونین لیڈر نے کہاکہ آج اگر بھارت ایک بڑی جمہوریت ہے ،جہاں آئین اور قانون کی پاسداری کومقدم سمجھاجاتاہے ،تو یہ ڈاکٹر بی آر امبید کر کی اُن کاوشوں اور بے لوث خدمات کانتیجہ ہے ،جو انہوں نے آزادی کے فورا ً بعد ملکی آئین بنانے اورا سکی تخلیق کیلئے کیں ۔










