G20اجلاس کی تیاریوں، سیکورٹی صورتحال ،سالانہ امرناتھ یاترا،سیاحتی سیزن اورجاری ترقیاتی عمل بشمول اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کامکمل احاطہ
سری نگر//جموں وکشمیر سے جڑے مختلف معاملات کاجائزہ لینے کیلئے بدھ کونئی دہلی میں 2روزہ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ شروع ہوئی ،جس کی صدارت مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلہ نے کی جبکہ جمعرات کو اس اہم ترین میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیردخلہ امت شاہ کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق 22سے25مئی2023تک سری نگرمیں G20سے جڑی غیر معمولی سرگرمیوں کی تیاریوں،جموں وکشمیرکی تازہ سیکورٹی صورتحال،جون میں ممکنہ سالانہ امرناتھ یاترا ،آنے والے سیاحتی سیزن کے پیش نظرسیکورٹی انتظامات اور جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل بالخصوص سری نگراسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری کاموںکا جائزہ لینے کیلئے بدھ کومرکزی وزارت داخلہ کی ایماء پر نئی دہلی میں اعلیٰ سطحی میٹنگ شروع ہوئی ،جوجمعرات کوبھی جاری رہے گی ۔ میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاکہ بدھ کے روز نئی دہلی میں مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلہ کی زیرصدارت جموں وکشمیر سے جڑے مختلف معاملات کاجائزہ لینے کیلئے ایک اہم جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں جموں وکشمیر کیلیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،ہوم سیکرٹری آر کے گوئل،جموں وکشمیرپولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ ، ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین اور مرکزی وزارت داخلہ ومختلف ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔مرکزی داخلہ سیکرٹری کی صدارت میں منعقد ہ اس میٹنگ میں جموں وکشمیرکی تازہ سیکورٹی صورتحال،ملی ٹنسی ودراندازی مخالف اقدامات، 22سے25مئی2023تک سری نگرمیں G20سے جڑی غیر معمولی سرگرمیوں کی تیاریوں،،جون میں ممکنہ سالانہ امرناتھ یاترا ،آنے والے سیاحتی سیزن کے پیش نظرسیکورٹی انتظامات اور جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل بالخصوص سری نگراسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری کاموںکا جائزہ لیا گیا۔اس اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں شامل مرکزی اور جموں وکشمیرکے حکام نے مجموعی سیکورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ ایجنڈے میں شامل دیگر نکات پرتبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں مجموعی سلامتی صورتحال اور جاری ترقیاتی عمل پراطمینان ظاہرکرتے ہوئے بتایاگیاکہ مئی 2023کوسری نگرمیں منعقد ہونے والیG20ٹوارزم ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ،جموں وکشمیر میں ایک نئے دور کی جانب ایک اہم قدم ہوگا،اسلئے جی 20میٹنگ کیلئے تمام ضروری تیاریاں کی جائیں ،اور اس میٹنگ میں شامل ہونے والے مندوبین کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔قابل ذکر ہے کہ 22مئی کوجی 20ٹوارزم ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شامل ہونے والے غیر ملکی مندوبین اور دیگر لوگ سری نگر پہنچیں گے ،23مئی کوSKICCسری نگرمیں جی 20ٹوارزم ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی ،24مئی کومندوبین سری نگرمیں مختلف سیاحتی اورتاریخی مقامات کادورہ کریں گے ،جس دوران یہ مندوبین جھیل ڈل میں شکارہ سواری بھی کریں گے ،اسی روز غیرملکی مندوبین مشہور سیاحتی مقام گلمرگ جائیں گے ،اور اگلے روزیعنی25مئی کومندوبین واپس نئی دہلی روانہ ہونگے ۔G20اجلاس کے حوالے سے نئی دہلی میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں بتایاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ اس سلسلے میں تمام تیاریاں کرنے میں مصروف ہے ،اوراس سلسلے میں سری نگراسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری کاموں میں بھی تیزی لائی گئی ہے اور رواں ماہ کے آخرتک بیشتر متعلقہ کام مکمل کئے جائیں گے ۔مرکزی داخلہ سیکرٹری کی صدارت میں منعقد ہ میٹنگ میں جون 2023میں شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا اور آنے والے سیاحتی سیزن کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کابھی جائزہ لیاگیا جبکہ میٹنگ میں ملی ٹنسی مخالف اور دراندازی کی روکتھام کیلئے اُٹھائے جارہے اقدامات کابھی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ،ڈی جی پی دلباغ سنگھ اورہوم سیکرٹری آرکے گوئل نے سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے شرکاء میٹنگ کوجانکاری فراہم کی،اورکہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص کشمیرمیں امن وقانون کی صورتحال میں نمایاں بہتر ی آئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب ہرسیزن میں لاکھوں سیاح کشمیر کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دوران لیفٹنٹ گورنر اور چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی وتعمیراتی کاموںکے بارے میں بھی بتایا،اور کہاکہ سڑک پروجیکٹوںکیساتھ ساتھ دیگر تعمیراتی کام زوروشور سے جاری ہیں ۔اس دوران معلوم ہواکہ جموں وکشمیر کی مجموعی صورتحال اور دیگر جڑے معاملات پر جمعرات کوبھی نئی دہلی میں اعلیٰ سطحی غوروخوض جاری رہے گا،اور جمعرات کوہونے والی دوسری اہم میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کریں گے جبکہ جمعرات کوہونے والی میٹنگ میں جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ،مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلہ ، جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،ہوم سیکرٹری آر کے گوئل،جموں وکشمیرپولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ ، ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین اور مرکزی وزارت داخلہ ومختلف ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کومرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی صدارت میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں جی20اجلاس کی تیاریوں اور دیگر متعلقہ اقدامات کوحتمی شکل دی جائیگی ،اور آنے والے موسم گرماکے لئے سیکورٹی انتظامات اور جاری ترقیاتی عمل میں تیزی لانے کابھی ممکنہ طور پر فیصلہ لیاجائے گا۔










