dooran.in

ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے یاترا ٹرانزٹ کیمپ شادی پورہ کا دورہ کیا

بانڈی پورہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج یاترا ٹرانزٹ کیمپ شادی پورہ کا دورہ کیا تاکہ شری اَمرناتھ جی یاترا ( ایس اے جے وائی ) ۔2023ء کی تیاریوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِنتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ یاترا کے آغاز سے قبل تمام ضروری اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے مناسب رہایش کے علاوہ یاترا ٹرانزٹ کیمپ میں صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کا مناسب اِنتظام کرنے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپ گریڈ شدہ رہائشی سہولیات کا معائینہ کیا اور کہا کہ تمام ضروری سہولیات کو پہلے سے اَچھی طرح رکھا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مختلف محکموں اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر بغیر کسی پریشانی یاترا کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس برس آنے والی یاترا میں مقامی لوگوں کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ ٹرانزٹ کیمپ میں زیادہ سے زیادہ بنیادی ڈھانچہ تیا ر کیا جائے گا تاکہ زیادہ تعداد میں یاتریوں کو رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2023ء کے احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تال میل کے ساتھ کام کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ سینئر سپر اِنٹنڈنٹ پولیس لکھے شرما، نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن محمد اشرف حکاک ، ایس ڈی ایم سنبل عامر چودھری ، جے ڈی پلاننگ امتیاز احمد ، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی سنبل ، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈی ڈی سنبل ، تحصیل دار سنبل اور ضلع کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔