اَتل ڈلو نے اَضلاع میں کیڑوں کے نکلنے سے متعلق میٹنگ منعقد کی

جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں جموں وکشمیر کے مختلف اَضلاع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کیڑوں کے جلد اَبھرنے سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر / جموں ، سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار ، ناظم باغبانی کشمیر اور جموں ، جوائنٹ ڈائریکٹر باغبانی ، سکاسٹ کشمیر کے سائنسدان ، چیف ہارٹیکلچر اَفسران ، کے وی کے اور محکمہ باغبانی کے ماہرین نے ذاتی طور پر اور بذریعہ آن لائن موڈ شرکت کی۔ناظم باغبانی کشمیر نے اَپنی تفصیلی پرزنٹیشن میں چیئر کو جموںوکشمیر متعدد علاقوں میںکیڑوں کے نکلنے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اِس طرح کے کیڑوں کے خلاف سکاسٹ کشمیر کی تجویز کردہ اور محکمہ باغبانی کی طرف سے کھیت میں جاری کردہ ایڈوائزری پر بھی تبادلہ خیا ل کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سکاسٹ کے سائنسدانوں اور محکمہ باغبانی کے ماہرین کو ہدایت دی کہ وہ متحرک رہیں اور انفکیشن کے ہاٹ سپاٹ علاقوں کی نشاندہی کریں اور انفیکشن کی فیصد اور شد ت کی بنیاد پر مقامات کو ریڈ ، یلو اور گرین زونوں میں درجہ بندی کریں۔اَتل ڈولو نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ کیڑوں اور بیماریوں کی افزائش ایک متحرک عمل ہے ۔ اِس کے پھیلائو کو بہت جلد روکنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے پہلے کہ کسی بھی خطرناک صورتحال سے باغبانی کی صنعت کو نقصان پہنچے۔اُنہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے مختلف دیہاتوں میں کیڑوں کے انفیکشن سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے آن لائن سروے فارم تیار کیا گیا ہے اور محکمہ باغبانی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان فارموں کو بھرنے میں کسانوں کی مدد کریں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اَفسران اور ماہرین کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریںاور رپورٹ کریں کہ آیا کیڑوں پر قابو پانے کے اقدامات کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کیڑوں کے انفیکشن اور اس کے پھیلاؤ کے بارے میں ڈیٹا کی تالیف سے کنٹرول کے مزید مناسب اقدامات کرنے میں مدد ملے گی جو کہ اس کے مطابق تازہ ایڈوائزری کے طور پر جاری کئے جائیں گے۔اُنہوں نے ناظم زراعت کشمیرسے کہاکہ وہ ان کیڑوں کے خلاف سکاسٹ کشمیر کے تجویز کردہ تمام کیمیکلز کی دستیابی اور فروخت میں سہولیت فراہم کریں۔