سیکرٹری سیاحت نے کانسپورہ پنچایت میں خصوصی گرام سبھا میٹنگ کی صدارت کی

کہا، پروگرام کا مقصد ہمارے گائوں کی جامع ترقی کیلئے تمام شراکت داروں کو شامل کرنا ہے

بارہمولہ//ضلع کی تمام پنچایتوں میں آج اَپنے گائوں کی دیر پا ترقی حاصل کرنے کے مقصد سے خصوصی گرام سبھا میٹنگو ں کا اِنعقاد کیا گیا جس میں متعلقہ شراکت داروں بشمول پی آر آئی ، پربھاری اَفسران ، لائن ڈیپارٹمنٹوں کے سربراہاں ،فرنٹ لائن ورکروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ معاشرے کے طبقوں نے اَپنی پرجوش شرکت کا مظاہرہ کیا۔گرام سبھا میٹنگوں کا مقصد گرام پنچایت ترقیاتی منصوبہ ( جی پی ڈی پی ) پر تبادلہ خیال اور اسے حتمی شکل دینا تھا جس میں لائن ڈیپارٹمنٹوں نے ہماری پنچایتوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے اَپنے متعلقہ ترقیاتی منصوبے پیش کئے تھے۔سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ جو بیک ٹو وِلیج نامزدپربھاری آفیسر بھی ہیں ،نے بارہمولہ میں آج کانسپور ہ پنچایت ۔ اے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور لوگوں سے بات چیت بھی کی ۔پرابھاری آفیسر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی کے تمام اَفسران اور فیلڈ فنکشنز پر زور دیا کہ وہ گرام پنچایت ترقیاتی منصوبہ کی بہتر عمل آوری کے لئے تال میل سے کام کریں اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سیشن کے انعقاد کا مقصد ضلع میں پہلے سے بنی ہوئی پنچایتوں کے جی پی ڈی پی کو تشکیل دینا تھا جو معیشت ،حیثیت اور لوگوں کے معیار ِ زندگی کی ترقی کو چھوئے گا۔ اُنہوں نے شرکأ سے کہا کہ وہ حفاظتی بندوں اور نالوں جیسے عام کاموں سے ہٹ کر سوچیں اور دیہات کی مؤثر ترقی کے لئے اِختراعی طریقے اِختیار کریں۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے وسائل کو متحرک کرنے میں پی آر آئی اور دیگر اَفسران کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور اُنہوں نے کہاہ ہماری پنچایتوں کو اتما نربھربھارت کے قومی مقصد کے لحاظ سے خود اَنحصار بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔