جموں//پرنسپل سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیرج گپتا نے آج جمبو چڑیا گھر کے جاری کاموں کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ دھیر ج گپتا نے محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن کے اَفسران ، ٹھیکداروں اور خدمات فراہم کرنے والوں سے کہا کہ وہ کاموں میں تیزی لائیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ زیر تعمیر جمبو چڑیا گھر کو اپریل 2023 ء کے مہینے میں عوام کے لئے وقف کیا جائے۔اُنہوں نے اہم کاموں جیسے کہ مین روڈ ، پارکنگ ائیریا ڈیولپمنٹ ، واٹر سپلائی اور متعلقہ بنیادی ڈھانچہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے جمبو چڑیا گھر میں عوام کو پیش کی جانے والی مختلف خدمات جیسے ٹکٹنگ ، کیفے ٹیریا ، کیوسک ، پینے کے پانی کے پوائنٹس ، شیلٹر شیڈز ، بیٹری کاریں ، ویو پوائنٹس اور پارکوں کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسران کو اپریل 2023ء کے تیسرے ہفتے تک مختلف خدمات کو بروقت متحرک کرنے اور آزمائشی طور پر چلانے کی ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ سی زیڈ اے حکام کی طرف سے کی گئی تشخیص کے مطابق 24؍ اپریل 2023ء تک چڑیا گھر میں منڈامنی زو کے جانوروں کو منتقل کرنے کے لئے جانوروں کی منتقلی کے منصوبے کو تیار کریں۔دھیرج گپتا نے عمل آوری ایجنسیوں کے درمیان بروقت تال میل کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مواد اور مشینری و آلات کی منتقلی میں کسی بھی تاخیر سے بچا جاسکے ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ رابطہ کاروں کے ساتھ اِس طرح کی سرگرمیوں کا روزانہ جائزہ لیں۔پرنسپل سیکرٹری نے حاصل کئے جانے والے اہداف کے وسائل کو متحرک کرنے میں کمی کو نوٹ کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ معائینہ اور آزمائشی طور پر 26؍ اپریل 2023ء تک چڑیا گھر کی آپریشنل حیثیت حاصل کرنے کی تمام کوششوں کو یقینی بنائیں۔جائزہ میٹنگ میں ریجنل وائڈ لائف وارڈن جموں ، وائلڈ لائف وارڈن جمبو چڑیا گھر اور محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن کے سینئر اَفسران اور آئوٹ سورس سرگرمیوں کے خدمات فراہم کرنے والے اور ٹھیکید اروں نے شرکت کی۔










