جموں کشمیر میں امن و خوشحالی کوفروغ دینے میں نوجوانوں کا ایک کلیدی کردار :سید محمد الطاف بخاری

جموں کشمیر میں امن و خوشحالی کوفروغ دینے میں نوجوانوں کا ایک کلیدی کردار :سید محمد الطاف بخاری

اپنی پارٹی کو روایتی سیاسی جماعتوں کے ایک بہتر متبادل کے طور پر عوامی قبولیت حاصل ہورہی ہے: غلام حسن میر

سری نگر//اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی نوجوان نسل کو اس خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے میں ایک کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ آج سرینگر میں پارٹی صدر دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق یہ تقریب سرینگر کے چھانہ پورہ حلقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی جمعیت کو پارٹی میں شمولیت کا استقبال کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا،’’مجھے نوجوانوں کو اپنی پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ نوجوان نسل ہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ اس خطے میں امن و سکون اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے میں نوجوانوں کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہوگا اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کے پاس بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں، جن کی بدولت اس خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔‘‘انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’آپ ہمارا مستقبل ہیں اور جموں کشمیر کے عوام کو آپ سے کافی اْمیدیں وابستہ ہیں۔ میں تہہ دل سے آپ کو اپنی پارٹی میں خیر مقدم کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ جب آپ جموں کشمیر میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار نبھانے میں جھْٹ جائیں گے تو اپنی پارٹی کی لیڈرشپ آپ کے شانہ بہ شانہ ہوگی۔‘‘اس موقعے پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا، ’’اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں ایک متبادل سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر ابھری ہے۔ روایتی سیاسی جماعتیں محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے جذباتی نعروں اور نا قابل حصول اہداف کے نام پر گزشتہ سات دہائیوں سے یہاں کے عوام کا استحصال کرتی آئی ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہاں جو تباہی ہوئی ہے، اس کی ساری ذمہ داری انہی روایتی سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے اقتدار کے حصول کیلئے اور حاصل کردہ اقتدار کو دوام دینے کیلئے عوام کو گمراہ کن اہداف اور نعروں کے پیچھے لگا دیا۔‘‘انہوں نے مزید کہا، “روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس، اپنی پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے اور جموں و کشمیر کی بہتری کے لیے اس کے پاس ایک شفاف ایجنڈا ہے۔ مجھے پارٹی میں آپ کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی موجودگی شہر میں اپنی پارٹی کے کیڈر کو مزید مضبوط کرے گا۔‘‘پارٹی میں شامل ہونے والے نئے اشخاص میں نوگام سرینگر سے تعلق رکھنے والی سرکردہ سماجی کارکن کلثوم جان اور پامپورہ کے محمد رئیس بھی شامل ہیں۔ جبکہ سرینگر کے حیدر پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے جس گروپ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، اس کی قیادت پارٹی کے حلقہ صدر محمد مقبول ڈار اور شیخ مظفر علی کر رہے تھے۔ نئے شامل ہونے والوں میں ثاقب، رومان، امتیاز، ندیم، ارشد، ناصر، طفیل، فیضان، عادل، عفان، بازل، شاہد، مشتاق، نیاز، فردوس، آصف، فرید، عنایت، بلال، محراج، مہران، مجید، توصیف، منظور، مزمل، مفسر، مظفر، اعزاز سلطان ڈار، محمد داؤد، اور دیگر افراد شامل تھے۔اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری اور غلام حسن میر کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، ریاستی سکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، چیئرمین ڈی ڈی سی سرینگر ملک آفتاب، ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر نور محمد شیخ، پارٹی کی خواتین ونگ کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین، ریاستی کنوینر حاجی پرویز، پارٹی کے یوتھ ونگ کے صوبائی صدر خالد راٹھور، سرینگر کے خانیار حلقہ کے انچارج محسن ظفر، حبہ کدل حلقہ کے انچارج جیلانی کمار، حلقہ انچارج چھانہ پورہ محمد اشرف ڈار، زون صدر چھانہ پورہ حلقہ اعجاز احمد خان، یوتھ ونگ کے رہنما ارشاد احمد، راولپورہ سے یوتھ ونگ کے انچارج شیخ عبدالقادر، اور دیگر اشخاص شامل تھے۔