ایف پی او کسانوں کی آمدنی بڑھانے ، روز گار کے مواقع پیدا کرنے ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ اتل ڈولو
جموں//محکمہ زراعت پیداوار ( اے پی ڈی ) کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے زراعت اور کسانوں کی بہبود کی مرکزی وزارت کے جوائینٹ سیکرٹری ( مارکیٹنگ ) ڈاکٹر وجئے لکشمی نادینڈلا کے ساتھ آج جموں ڈویژن کے کسان کیندر تالاب تلو میں کسانوں کی تنظیموں ( ایف پی او ) کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں ، سکاسٹ جے کے نامور پروفیسرز اور سکالرز ، اے پی ڈی کے دیگر سینئر افسران ، ایف پی اوز کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سی بی بی اوز نے بھی بات چیت کے پروگرام میں حصہ لیا ۔ ڈائریکٹر زراعت کشمیر ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی اور دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتل ڈولو نے زرعی شعبے کی ترقی میں ایف پی او کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں ۔ اے سی ایس نے مزید کہا کہ ایف پی اوز کسانوں کی آمدنی بڑھانے ، روز گار کے مواقع پیدا کرنے اور خطے میںغذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایف پی اوز کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ مسٹر ڈولو نے ایف پی او کے نمائندوں کو کسانوں میں اعتماد پیدا کرنے اور انہیں متحرک کرنے کی تاکید کی تا کہ زیادہ سے زیادہ کسان ان کے ساتھ شامل ہوں ۔ انہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ کسانوں کیلئے ایف پی او کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پروگرام منعقد کریں اور ساتھ ہی ان تنظیموں کی کامیابی کیلئے انہیں مطلوبہ تربیت بھی فراہم کی جائے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وجئے لکشمی نے ایف پی او کی اہمیت کے بارے میں بات کی ۔ ورکشاپ کے دوران متعدد ایف پی وز کے نمائندوں نے بھی طویل گفتگو کی اور زرعی شعبے میں کام کرنے کے دوران اپنے تجربات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔










