موجودہ حکومت کسی بھی زاویئے سے عوام دوست نہیں

موجودہ حکومت کسی بھی زاویئے سے عوام دوست نہیں

پینے کے پانی کے فیس میں ایک بار پھر اضافہ تشویشناک: ساگر

سری نگر//اشن کوٹا میںکمی، بجلی و پینے کے پانی کے فیس میں بے تحاشہ اضافہ اور رمضان المبارک کے دوران بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت کسی بھی زاویئے سے عوام دوست نہیں ہے بلکہ حکمرانوں کا ہر ایک فیصلہ اور اقدام یہاں کے عوام کو پریشانی اور ہراسان کرنے کیلئے ہوتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف عوامی فود ، سرکردہ پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ وفود نے اپنے اپنے علاقوں مختلف نوعیت کے مسائل و مشکلات اُجاگر کئے اور جنرل سکریٹری نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ وفود نے کہا بجلی فیس میں اضافے کے بعد اب پانی کے فیس میں بھی ایک بار پھر اضافہ کیا گیا اور فیس اب اتنا زیادہ بڑھ گیا ہے جس کی ادائیگی عام آدمی کے دست رس میں نہیں۔ اس کے علاوہ وفود نے راشن کی کم فراہمی اور رمضان المبارک میں بجلی کی بدترین سپلائی کی شکایات بھی کیں۔ ساگر نے کہا کہ یہاں کے عوام اس وقت ایک طرف اقتصادی اور معیشی بدحالی کے شکار ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی بے رُخی نے عوام کو پشت بہ دیوار کردیاہے۔ لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، جو سہولیات ماضی میں لوگوں کو بلا روک ٹوک میسر ہوا کرتی تھیں آج اُنہی سہولیات کیلئے لوگوں کو سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا پڑتا ہے اور اس کے باوجود بھی حکمرانوں اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں بھی لوگ بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی سے محروم ہیں، سحری، افطار اور تراویح کے وقت بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوتے ہیں جبکہ راشن گھاٹ خالی پڑے ہیں اور اگر کہیں راشن ہے بھی تو وہ غیر معیاری ہے۔ جنرل سکریٹری نے کہا کہ حد سے زیادہ مہنگائی نے لوگوں کی روز مرہ کی زندگی پر زبردست منفی اثرات مرتب کردیئے ہیں انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے عوام کو درپیش مصائب اور مشکلات اُجاگر کرنے کیلئے ہر سطح پر آواز اُٹھائیں۔ اس موقعے پر دیگر لوگوں کے علاوہ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، ترجمان عمران نبی ڈار، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، سینئر لیڈران پیر محمد حسین، سید توقیر احمد، جگدیش سنگھ آزاد، دانش بٹ بھی جنرل سکریٹری سے ملاقی ہوئے اور اس دوران اپنے اپنے حلقوں کی پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی امورات کے علاوہ لوگوں کے مسائل و مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔