LG،چیف سیکرٹری اور فائنانشل کمشنر فوری مداخلت کریں :اعجاز احمدخان کی اپیل
سری نگر//سینئرٹریڈیونین لیڈر اعجا ز احمدخا ن نے سرکاری ملازمین کے حق میں جی پی فنڈ کی واگزاری میں تاخیر پرسخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ زندگی کے اہم ترین سال انتظامیہ میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈملازمین کے واجبات کی ادائیگی میں لیت ولعل کو حددرجہ افسوسناک ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں EJCCکے چیئرمین اور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموںوکشمیر کے صدر اعجاز احمدخان نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کاایک مخصوص حصہ اُن کے جی پی فنڈ میں جمع رہتاہے اور بوقت ضرورت ملازمین اس فنڈمیں سے کچھ رقم نکالتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ عمومی طور پر سرکاری ملازمین اپنے جی پی فنڈ میں سے کچھ رقم کسی بچے کے داخلے ،کسی فردخانہ کے علاج یاپھر کوئی مکان یا زمین خریدنے کیلئے نکالتے ہیں ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ یہ سرکاری ملازمین کا اپنا جمعہ پیسہ ہوتا ہے ،جس کاوہ کسی بھی وقت انتہائی ضرورت میں استعمال کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایساپہلی مرتبہ دیکھنے میں آیاہے کہ سرکاری ملازمین کی جی پی فنڈ کی واگزاری سے متعلق فائلیں اورکیس مہینوں تک سرکاری ٹریجریوںمیں پڑی رہتی ہیں ،جس وجہ سے ملازمین وقت پراپنے اس پیسے کااستعمال کرنے سے قاصر ہیں ۔سینئرٹریڈیو نین لیڈر اعجاز خان نے کہاکہ گزشتہ کم سے کم تین چار مہینوں سے ایسی شکایات ملی ہیں کہ سرکاری ٹریجریوں سے سرکاری ملازمین کے حق میں جی پی فنڈ کی منظور شدہ رقم واگزار نہیں کی جارہی ہے جبکہ ملازمین جی پی فنڈ کیس بناتے وقت تمام لوازمات پورا کرتے ہیں ۔اعجاز احمدخان نے جی پی فنڈ رقم کوواگزار کرنے میں ہورہی تاخیر کوسرکاری ملازمین کیساتھ سراسر ناانصافی اورزیادتی قرار دیتے ہوئے جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کافوری نوٹس لیکر سرکاری ٹریجریوںمیں پڑے جی پی فنڈ کیسوںکونپٹانے کی ہدایات جاری کریں ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ زندگی کے اہم ترین سال انتظامیہ میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈملازمین کے واجبات کی ادائیگی میں لیت ولعل کو حددرجہ افسوسناک ہے۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ دہائیوں تک مختلف سرکاری محکموںمیں خدمات انجا م دینے والے ریٹائر ڈسرکاری ملازمین کیساتھ ایساسلوک ہتک آمیز ہے ۔انہوںنے کہاکہ ریٹائر ملازمین کے واجبات Duesکی واگزاری میں ہورہی تاخیر کے سلسلے کوختم کیا جاناچاہئے ،تاکہ ریٹائر ڈ ملازمین کو اپنے واجبات لینے کیلئے دردرکی ٹھوکروںسے نجات مل سکے ۔EJCCکے چیئرمین اور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموںوکشمیر کے صدر اعجاز احمدخان نے جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر جناب منوج سنہا ،چیف سیکرٹری جناب ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور کمشنر سیکرٹری فائنانس سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ملازمین کے حق میں جی پی فنڈ کی ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں واجبات کی بروقت واگزاری کویقینی بنانے کیلئے فوری احکامات صادر کریں ۔










