پلوامہ میں عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد

پلوامہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراونتی پورہ ظفر احمد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پلوامہ کے پدگام پورہ کے لار کی پورہ میں عوامی مطالبات اور شکایات کے ازالے کے لئے ایک عوامی رَسائی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔پروگرام میں بڑی تعداد میں اَفراد اور وفود کی شرکت دیکھی گئی ۔وَفود اور اَفراد نے اَپنے مطالبات پیش کئے اور اے ڈی سی کو علاقے کے مکینوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر مقامی لوگوں نے اَپنے مسائل کے جلد اَز جلد حل کا مطالبہ کیا جس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی میکینکل خرابی کی مرمت اور اس کی بحالی، سڑک رابطے میں توسیع ، آر اینڈ بی کی جانب سے اندورنی سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ ، لارکی پورہ اے میں نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب ، آبپاشی پمپ کی تنصیب ، کھیل میدان کے لئے زمین ، بجلی کے گھمبے اور ایچ ٹی اور ایل ٹی لائن کی بہترین ، صحت تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن اور لارکی پورہ اے میں پرائمری سکول کے لئے زمین شامل ہیں۔ اے ڈی سی نے لوگوں کے مطالبات کو بغور سنا اور تمام حقیقی مسائل کے بروقت حل کے لئے متعلقہ محکموں کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔ اے ڈی سی اونتی پورہ نے حقیقی مطالبات پر فوری کارروائی کا یقین دِلایا۔ انہوں نے کھیل میدان کا دیرینہ مطالبہ موقعہ پر ہی حل کیا اور متعلقہ حکام کو نشاندہی کی گئی زمین ترقی کے لئے فراہم کی۔اُنہوں نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام عوامی شکایات کو منظم طریقے سے حل کریں اور حکومت کی ہدایات کے مطابق خدمات فراہم کریں۔اُنہوں نے کہا کہ عوامی رَسائی پروگراموں اور عوامی درباروں کا مقصد لوگوں کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینا ہے اور اس کے حل کے لئے مقررہ وقت میں طریقہ کار وضع کرنا ہے۔اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ متوقع مسائل پر غور کیا جائے گا اور اُنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔عوامی رَسائی پروگرام میں تحصیل دار اونتی پورہ ، اے اِی اِی اری گیشن ، جے اِی آر اینڈ بی ، زیڈ پی اِی او سپورٹس ، آر ڈی ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں ، بزرگ شہریوں اور مذکورہ گائوں کے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔