سری نگر//وادی کشمیر اور جموں خطہ کے الگ تھلگ مقامات پرسوموار اور منگل کی درمیانی اور مسلسل دوسرے دن وسیع پیمانے پر ہلکی وتیز بارش ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اورساتھ ہی کشمیروادی میں پھر سے سردی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔جے کے این ایس کے مطابق ہلکی سے درمیانی بارش نے جموں و کشمیر کو بھگو دیا حالانکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کشمیر کے بیشتر مقامات اور جموں کے الگ تھلگ مقامات پر منگل کو وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کے دوران منگل کو صبح ساڑھے8 بجے تک سری نگر میں5.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 4.8 ملی میٹر، پہلگام میں 6.5 ملی میٹر، کپواڑہ میں19.5 ملی میٹر، کوکرناگ میں5.0 ملی میٹر، گلمرگ میں10.8 ملی میٹر، جموں میں29.02 ملی میٹر، بٹوٹ18.8 ملی میٹر، کٹرا 15.0 ملی میٹر، بھدرواہ 11.8 ملی میٹر اور کٹھوعہ 9.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔آئندہ کیلئے پیش گوئی کے بارے میں محکمہ موسمیات نے کہاکہ کشمیر کے بیشتر مقامات اور جموں کے الگ تھلگ مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے کہا کہ5اور6 اپریل کو جموں و کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پربعد دوپہر اور شام تک بارش کے ہلکے وقفے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ7 سے 12 اپریل تک پورے جموں و کشمیر میں بنیادی طور پر موسم خشک رہنے کا60سے70فیصدتک امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں پر بھی زور دیا کہ وہ6 اپریل تک باغات میں کیڑے مارادویات کاچھڑکائو اوردواپاشی کرنے سے گریز کریں اور کھیتوں میں اضافی پانی کو نکالنے کے لئے مناسب نکاسی کا انتظام کریں۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پیراور منگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔متعلقہ محکمے کے مطابق اس دوران قاضی گنڈمیں کم سے کم درجہ حرارت6.4،پہلگام میں3.2،کوکرناگ میں5.4، گلمرگ میں منفی 0.5اور کپوارہ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت 4.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثناء دوران شب بارش اور ہلکی برف باری ہونے کے بعد سری نگر لیہہ شاہراہ کوٹریفک کیلئے بند کردیاگیا۔حکام نے بتایاکہ زوجیلا میں سڑک کے ساتھ2 مقامات پر برفانی تودے گرنے کے بعد منگل کو سونمرگ میں سری نگر،کرگل قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔انہوںنے بتایاکہ سری نگر کرگل شاہراہ بلاک ہے اور سونمرگ میں پانیماتھا اور کائیپتھری میں زوجیلا میں برفانی تودے گرنے کی وجہ سے ٹریفک روک دی گئی ہے۔حکام نے بتایاکہ بی آرائو کی ٹیمیںشاہراہ کو صاف کرنے کیلئے کام کررہی ہیں۔اس دوران رازدان ٹاپ پر دوران شب تازہ برف باری کے باعث گریز ،بانڈی پورہ سڑک پر گاڑیوںکی آمدورفت روک دی گئی ۔حکام نے بتایاکہ موسمی صورتحال بہتر ہونے اور شاہراہ کی حالت ٹھیک ہونے کے بعد ہی گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جاسکتی ہے ۔حکام نے منگل کی صبح ایک بیان میں کہاکہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ضلع کنٹرول روم بانڈی پورہ سے سڑک کی حالت کی تصدیق کرنے کے بعد ہی بانڈی پورہ گریز سڑک پر سفر کریں۔










