کٹھوعہ// پرنسپل سیکرٹری اے آر آئی اور ٹریننگ اشوک کمار پرمار نے آج شاہ پور کنڈی ڈیم پروجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور قومی پروجیکٹ پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ایگزن آر ٹی آئی سی کٹھوعہ نے پرنسپل سیکرٹری کو جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے جانکاری دی کہ پروجیکٹ کے جموںوکشمیر کی طرف سے ہیڈ ریگولیٹر اور ایکو ا ڈکٹ کی تعمیرکا کام شد و مدسے جاری ہے جس میں 22میں سے 13گیٹ اَب تک مکمل ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ 1,378 میٹر طویل راوی نہر کی لائننگ کا کام بھی جاری ہے جس کی تکمیل سے جموںوکشمیر کی جانب تقریباً 32 ہزار ہیکٹر زرعی اَراضی سیراب ہو گی اور کٹھوعہ اور سانبہ کی کنڈی پٹی کے کسانوں کے لئے ایک اعزاز ثابت ہوگا۔اشوک کمار پرمار نے نورانالہ پر پُل کے جاری کام کا بھی معائینہ کیا جو علاقہ زیر آب آنے کی وجہ سے دوبارہ تعمیر کیا جارہا ہے ۔اُنہوں نے ایگزن پی ڈبلیو ڈی کو کام کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت دی کیوں کہ یہ علاقہ بسوہلی بلاور اور سب ڈویژنوں کے درمیان اہم رابطہ کا کام کرتا ہے۔پرنسپل سیکرٹری موصوف نے معیار کے ساتھ سمجھوتہ کئے بغیر ضلع میں ان اہم پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے عمل آوری کرنے والی ایجنسیوں کو ضروری ہدایات دیں۔بعد اَزاں پرنسپل سیکرٹر ی موصوف نے ڈی ڈی سیز ، پی آر آئی ممبران اور ضلعی اَفسران کے ساتھ ان کے تحفظات ، شکایات اور ترقیاتی مسائل کو سننے کے لئے ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی ۔اُنہوں نے مختلف ترقیاتی اَمور کی صورتحال پر رائے بھی طلب کی۔میٹنگ میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن کرنل (ریٹائرڈ ) مہان سنگھ ،ضلع ترقیاتی کمشنر راہل پانڈے ،وائس چیئرمین ڈی ڈی سی رگھونندن سنگھ ، اے ڈی ڈی سی انکور مہاجن ، سی پی او ، اے سی پی ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ، سرپنچ، پنچ اور دیگر ضلع اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ڈی ڈی سیز اور دیگر پی آر آئی ممبران نے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی کرنل ( ریٹائرڈ ) مہان سنگھ نے کٹھوعہ کو مذہبی سیاحت کے لئے سر فہرست مقام کے طورپر ترقی دینے کی ضرورت کے بارے میں پرنسپل سیکرٹری کو آگاہ کیاکیوں کہ ضلع میںپورے سال میں سکھرالہ ماتا کی عبادت گاہ ، ماتا بالا سندری ، ایروان مندر، جودیان والی ماتا وغیرہ میں سیاحوں کی اچھی خاصی آمد ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے ضلع میں آنے والے اہم ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی ڈی پی آر بناتے وقت مستعدی سے کام لیںتاکہ بعد میں پروجیکٹ کی لاگت میں مماثلت یا فنڈز کی کمی کو خارج کیا جاسکے۔اُنہوں نے پی آر آئی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کٹھوعہ کا دورہ کرنے کا مقصد لوگوں کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینا تھا۔ اُنہوں نے میٹنگ میں سامنے آئے مسائل پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کی۔اشوک کمار پرمار نے اَفسروں کو ضروری ہدایات بھی دیں کہ وہ ذاتی طور پر کاموں کی نگرانی کریں اور معیاری اثاثہ بنانے کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔










