covid

عالمگیر وبائی وائرس کووڈ19 کے ملک گیر سطح پر پھیلائو کااندیشہ پھر لاحق

سری نگر//مسلسل دوسرے روز 3000سے زیادہ مثبت معاملات سامنے آنے کے بعد بھارت میں کورونا مریضوںکی تعداد15ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔اس دوران مزید5اموات واقعہ ہونے کے بعد ملک میں مارچ2020سے کورونا کی زدمیں آکر مرنے والوںکی مجموعی تعداد5لاکھ30ہزار867تک پہنچ گئی ۔قابل ذکر ہے کہ چندروزقبل وزیراعظم مودی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کوروناکیسوںمیں اضافے سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لیاتھا۔ مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبودی کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعدادوشمارمیں بتایاگیاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں 3ہزار95افرادکوکورونا میں مبتلاء پایاگیا ،اوراس طرح سے ملک میں مسلسل دوسرے روز بھی کورونا کے مثبت کیسوںکی تعداد3ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جبکہ 6ماہ بعد ایک دن تین ہزار سے زیادہ مثبت معاملات سامنے آئے ہیں ۔جانکارلوگوں کے مطابق آخری مرتبہ اکتوبر2022میں ملک میں ایک دن میں کورونا کے تین ہزار سے زیادہ کیس درج ہوئے تھے ۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3095نئے مثبت کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں کوروناکے فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر15ہزار208 ہو گئی ہے۔متعلقہ وزارت کے مطابق اس دوران مزید5 اموات کے ساتھ ابتک کورونا سے ازجان ہونے والوںکی تعداد بڑھ کر 5لاکھ30ہزار867 ہو گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبودی کے مطابق ملک میں یومیہ مثبتیت2.61 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ہفتہ وار مثبتیت 1.91 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کووڈ19 کیسز کی کل تعداد 4 کروڑ47لاکھ15ہزار786ہوگئی ہے ۔وزارت کی ویب سائٹ کے مطابق، قومی صحت یابی کی شرح 98.78 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ابتک اس عالمگیر وبائی بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4 کروڑ41لاکھ69ہزار711 ہے جبکہ اموات کی شرح 1.19 فیصد ریکارڈ کی گئیں۔ وزارت کی ویب سائٹ کے مطابق، ملک گیر مہم کے تحت اب تک 220.65 کروڑ کووڈ ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔