چھٹی جماعت سے یکساں نصاب کی خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائیگا :ناظم تعلیم کشمیر
سری نگر//ڈائریکٹر اسکو ل ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے پیر کوکہاکہ چھٹی جماعت سے سرکاری اور نجی اسکولوں کیلئے یکساں نصاب کی خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائیگا ،کیونکہ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ایسا کرنا لازمی قرار دیاگیاہے ۔انہوںنے سرکاری اسکولوںمیں نئے داخلوںکے رُجحان پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ امسال ابتک40ہزار سے زیادہ بچوں اور بچوں نے سرکاری اسکولوںمیں داخلہ لیاہے ،جن میں پرائیویٹ اسکولوں سے آنے والے طلبہ بھہ شامل ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق یہاں ایک تقریب کے موقعہ پر نامہ نگاروںکے سوالات کاجواب دیتے ہوئے ناظم اسکولی تعلیم کشمیر تصدیق حسین میر نے کہاکہ رواں تعلیمی سیشن2023-24کیلئے ابتک کشمیر کے سرکاری اسکولوںمیں 40ہزار358نئے داخلے لئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان میں پرائیویٹ اسکولوںکوچھوڑ کر سرکاری اسکولوںکارُخ کرنے والے لاتعداد طلباء اور طالبات بھی شامل ہیں ۔ناظم تعلیمات کشمیر نے واضح کیاکہ نیا داخلہ لینے والے بچوں اور بچیوںمیں وہ طلبہ شامل نہیں ہیں ،جو پہلے سے ہی سرکاری اسکولوںمیں داخلہ لے چکے ہیں اوروہاں درج ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں تصدیق حسین میر نے کہاکہ سرکاری اسکولوںمیں داخلہ لینے کے خواہشمند طلباء اور طالبات کے حق میں ڈسچارج سرٹیفکیٹ اجراء کرناپرائیویٹ اسکولوںکی ذمہ داری ہے ،اوراس معاملے میں فیس کابقایا ہونا کوئی رکائوٹ نہیں بنانی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ اگرکسی پرائیویٹ اسکول میں درج طلباء اور طالبات کافیس بقایا ہے ،تو متعلقہ اسکول منتظمین یہ بقایا فیس متعلقہ طلبہ کے والدین سے آسان قسطوںمیں لے سکتے ہیں ۔ڈائریکٹر اسکو ل ایجوکیشن کشمیرنے پھر کہاکہ ڈسچارج سرٹیفکیٹ کا اجراء یادستیابی سرکاری اسکولوںمیں داخلے کیلئے کوئی رکائوٹ نہیں بننی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے تمام چیف ایجوکیشن افسروں اورزونل ایجوکیشن افسروںکویہ ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری اسکولوںمیں داخلہ لینے کے خواہاں طلبہ کو داخلہ دیں ،اوراس میں کسی نجی اسکول سے دسچارج سرٹیفکیٹ کے اجراء میں تاخیر کووجہ یارکائوٹ نہ بنایا جائے ۔ڈائریکٹر اسکو ل ایجوکیشن کشمیرنے ایک اورسوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ چھٹی جماعت سے سرکاری اور نجی اسکولوں کیلئے یکساں نصاب کی خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائیگا ،کیونکہ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ایسا کرنا لازمی قرار دیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ چھٹی جماعت سے آگے کی کلاسوں کیلئے BOSEنے کتابیں تیار کی ہیں اور یکساں نصاب بنایا ہے اوراس پرعمل درآمد کوہرصورت میں یقینی بنایا جائے گا۔










