لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صنعت و حرفت کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں محکمہ صنعت و حرفت کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ گزشتہ برس میں ریکارڈ کی گئی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کی کوششیں اور سٹارٹ اَپ کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کی تعمیر کریں جو ہماری اِقتصادی ترقی کو مزید آگے بڑھائے گی۔اُنہوں نے کہا،’’ سٹارٹ اَپ ایکو سسٹم کو تقویت دینے کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے جو کاروبار اَفراد کو مزید سپورٹ کرے گی اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فعال کرے گی۔‘‘دورانِ میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر کو جموںوکشمیر میں ایک مضبوط صنعتی ماحولیاتی نظام کی ترقی کی سمت میں ہونے والی پیش رفت اور حاصل کئے گئے سنگ میلوں کے بارے جانکاری دی گئی ۔میٹنگ میں وَن ڈسٹرکٹ وَن پروڈکٹ ( او ڈی او پی ) اور ڈسٹرکٹ ایکسپورٹ پلان پر بھی تبادلہ خیال ہوا تاکہ ایک ضلع کے حقیقی صلاحیت کا اِدراک کیا جاسکے ، معاشی ترقی کو فروغ دیا جاسکے اور روزگار پیدا کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ پرشانت گوئیل ، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ ایچ راجیش پرساد ، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ محترمہ سریتا چوہان،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، اِنتظامی سیکرٹری ریونیو محکمہ ڈاکٹر پیوش سنگلا اور یوٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔