پُراسرار اموات اورخودکشی کے واقعات

رام باغ سری نگرمیں25 نوجوان کی نعش برآمد

سری نگر//حالیہ کچھ برسوںمیں پُراسرار اموات اورخودکشی کے واقعات کے بیچ ہفتہ کی صبح سری نگرکے رام باغ علاقے میں ایک نوجوان کو مردہ حالت میں پایاگیاجبکہ مبینہ طور پر زہرپینے والاصفاپورہ بانڈی پورہ کا نوجوان اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق رام باغ سری نگرمیں ہفتہ کی صبح اُسوقت تشویش کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں ایک نوجوان کومردہ حالت میں پایاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ سری نگر ضلع کے رام باغ علاقے میں ہفتہ کی صبح مقامی لوگوں کو ایک شخص کی لاش ملی۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر متعلقہ پولیس تھانے کو واقعے کی اطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں پولیس کی ایک پارٹی موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کیلئے اپنے قبضے میں لے لیا۔متوفی نوجوان کی شناخت25سالہ سلمان ارشاد وانی ولد ارشاد احمد وانی ساکن رام باغ کے طور پر کی گئی ہے۔اس دوران پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات کے لیے ایک کیس درج کر لیا گیا ہے۔اُدھرشمالی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک 23 سالہ نوجوان جس نے جمعہ کومبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش میں زہر کھا لیا تھا، ہفتہ کی صبح سری نگر کے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ متوفی نوجوان (نام ظاہر نہیں کیا گیا) ضلع بانڈی پورہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے صفا پورہ علاقے میں رہتا ہے۔ متوفی ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں اس نے ہفتہ کی صبح آخری سانس لی۔پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔