بعددوپہر سری نگرسمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش،بوندا باندی اور ہوائیں

آج بھی میوہ باغات میں کیڑے مار ادویات کاچھڑکائو نہ کریں،مالکان کو مشورہ

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ کوبعددوپہر سری نگر سمیت کئی علاقوںمیں مطلع ابرآلودہونے کے بیچ بونداباندی اوربارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ کچھ علاقوںمیں تیزہوائیں چلنے کی بھی اطلاعات ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے باغات مالکان کویہ مشورہ بھی دیاہے کہ وہ جمعہ اور ہفتہ کوموسم خراب رہنے کی وجہ سے اپنے میوہ باغات میں کیڑے مار ادویات کاچھڑکائو نہ کریں ۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کئی دنوں سے موسم ابرآلود رہنے کے بیچ جمعہ کی صبح محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوئزری جاری کی ،جس میں کہاگیاکہ 24اور25مارچ کو جموں وکشمیر کے کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری کیساتھ ساتھ نچلے اورمیدانی علاقوں بشمول جموںمیں گرچ چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ کچھ علاقوںمیں وسیع پیمانے پر بارش ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی خبردارکیاکہ جمعہ کودوپہر کے بعد گرجچمک کیساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور کچھ علاقوںمیں ژالہ باری ہونے کابھی امکان ہے۔متعلقہ محکمے نے تاہم کہاکہ26سے 28مارچ تک جموںوکشمیرمیں موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان ہے ۔اس دوران موسم صبح سے ہی ابرآلودرہاجبکہ جمعہ کو سہ پہر3بجکر15منٹ پر محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے ایک ٹویٹ میں تازہ موسمی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ جموںوکشمیرمیں اگلے3سے5گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے اور اس دوران جموں، ریاسی، ادھم پور، کٹھوعہ، سانبہ، بانہال،رام بن اسٹریچ، جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر میں الگ تھلگ مقامات پر تیز ہواؤں اورژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موصوف ڈپٹی ڈائریکٹر کی اس موسمیاتی جانکاری کے تقریباً45منٹ بعدسری نگر اورشمالی کشمیر سمیت کچھ علاقوںمیں بانداباندی اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،جسکے نتیجے میں درجہ حرارت میں کافی کمی واقعہ ہوئی ۔سری نگر شہر کے کئی علاقوں بشمول سیول لائنز میں بوندا باندی اورہلکی بارش کاسلسلہ کچھ وقت تک جاری رہا جبکہ بارہمولہ قصبہ اورشمالی کشمیر کے دیگر کچھ علاقوںمیں بھی بعددوپہر بوندا باندی اورہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ملیں ۔