عمل آوری ایجنسیوں کوپولی تکنیک اور آئی ٹی آئی کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے پر زور
سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں کیپکس بجٹ 2022-23ء کے تحت ترقیاتی کاموں اور فنڈز کی دوبار ہ تخصیص کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر آر اینڈ بی کشمیر ، سپیشل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ دیگر اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں پرنسپل گورنمنٹ پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی جموں/کشمیر اور سپراِنٹنڈنٹوں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے متعلقہ اَفسران سے جموںوکشمیر کے مختلف پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی میں جاری مختلف کاموں کی طبعی اور مالیاتی رپورٹوں کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات طلب کیں۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران سے کہا کہ وہ کاموں کی پیش رفت کی رفتار کو تیز کریں تاکہ کیپکس بجٹ 2022-23ء کے تحت مختص فنڈز کے مکمل اِستعمال سے ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے متعلقین سے یہ بھی کہا کہ وہ محکمہ خزانہ کی ہدایات کے مطابق کاموں کے سلسلے میں فنڈز کی دوبارہ تخصیص کی تجویز پیش کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز کے تحت نئے کاموں کی اَنجام دہی کے لئے مناسب اَقدامات کریں تاکہ کیپکس بجٹ کے تحت مختص مجموعی فنڈز کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے مختلف پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز میں چھوٹے کاروبار کے ترقیاتی یونٹوں کے قیام کے بارے میں اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ فرنیچر اور آئی ٹی سے متعلق سازو سامان جیسے تمام اِنتظامات کو مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لئے وہاں دستیاب کیا جائے ۔اُنہوں نے پولی تکنیک میں ہوسٹلوں کے قیام کے حوالے سے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ اُنہیں مکمل کر کے طلباء کے فائدے کے لئے دستیاب کیا جائے ۔ اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کے سربراہاں کو ہدایت دی کہ وہ باقی ماندہ کاموں میں تیزی لائیں تاکہ عمارتوں کو جلداَ ز جلد محکمہ کے حوالے کیا جائے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی کا دورہ کریں اور وہاں جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیاں۔میٹنگ میں سکل بجٹ 2023-24 ء، 60,000 خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کی تربیت ، بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے علاوہ دیگرکاموں پر بھی سیر حاصل بحث و تمحیص ہوئی۔










